رسائی کے لنکس

کانگو میں ٹرین حادثہ، 63 افراد ہلاک


فائل
فائل

وزیرِ داخلہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہورہا ہے کہ ٹرین کی رفتار بہت تیز تھی اور موڑ آنے پر ڈرائیور کو ایمرجنسی بریک لگانے پڑے۔

افریقی ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں ایک ٹرین کے تیز رفتاری کے باعث پٹری سے اترنے کے نتیجے میں کم از کم 63 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثہ کانگو کے جنوبی صوبے کٹانگا کے قصبے لکاسی کے نزدیک پیش آیا جہاں ایک موڑ پر تیز رفتار مال بردار ٹرین کے 12 ڈبے الٹ گئے۔

صوبے کے وزیر داخلہ نے برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کو بتایا ہے کہ الٹنے والی بوگیوں میں اب بھی کم از کم 50 افراد پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

وزیرِ داخلہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہورہا ہے کہ ٹرین کی رفتار بہت تیز تھی اور موڑ آنے پر ڈرائیور کو ایمرجنسی بریک لگانے پڑے جس کے باعث بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

کئی دہائیوں سے جاری سیاسی ابتری اور خانہ جنگی کے باعث کانگو میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور مسافر ٹرینوں کی کمی کے باعث مغربی یورپ جتنے وسیع رقبے کے اس ملک کے عوام اکثر مال بردار ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں۔

اس سے قبل 2007ء میں بھی کانگو کے صوبے کسائی اوکسی ڈینشل میں مسافروں سے بھری ایک مال بردار ٹرین الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG