رسائی کے لنکس

ڈرامہ لورز کیلئے2 نئے سیریلز، ’فراق‘ اور ’تم میرے ہی رہنا‘


جس ڈرامہ سیریل نے مقامی ڈراموں کو آگے لانے میں سب سے زیادہ مدد دی ہے وہ ’زندگی گلزار ہے‘ جسے سب سے پہلے ’ہم‘ نے ہی آن ائیر کیا تھا۔ اب یہی ٹیلی ویژن دو نئے ڈرامے ’فراق‘ اور ’تم میرے ہی رہنا‘ ٹیلی کاسٹ کر رہا ہے

کراچی ... پاکستانی ڈرامے اب پاکستان میں ہی نہیں بھارت میں بھی ہاتھوں ہاتھ لئے اور دیکھے جاتے ہیں۔ وہاں کے کئی ٹاپ کلاس ایکٹرز اور ڈائریکٹرز و پروڈیوسر کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ بھارت کبھی ان جیسے ڈرامے اپنے یہاں پروڈیوس نہیں کر سکتا۔

’ہم‘ ٹی وی ڈرامہ میکنگ میں سب سے آگے نظر آتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ بھارت میں جس ڈرامہ سیریل نے مقامی ڈراموں کو آگے لانے میں سب سے زیادہ مدد دی ہے وہ ’زندگی گلزار ہے‘ جسے سب سے پہلے ’ہم‘ نے ہی آن ائیر کیا تھا۔

اب یہی ’ہم‘ ٹیلی ویژن دو نئے ڈرامے ’فراق‘ اور’تم میرے ہی رہنا‘ ٹیلی کاسٹ کر رہا ہے۔

فراق
ادارے کی جانب سے وائس آف امریکہ کو جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ’فراق‘ کی کہانی اس کے مرکزی کردار پیمان کے گرد گھومتی ہے جو امریکہ میں رہتی ہے۔ اس کی والدہ اور ایک بھائی بھی اسی کے ساتھ رہتا ہے۔

پیمان اپنے بھائی کے ایک دوست کو چاہنے لگتی ہے جس کی ہر طرف سے مخالفت ہوتی ہے۔ لیکن، آخر کار دونوں شادی کرلیتے ہیں۔ شادی کو کچھ ہی دن گزرے تھے کہ اچانک ایک روز پیمان کا شوہر پر اصرار طور پر لاپتہ ہوجاتا ہے۔

پیمان مہینوں اپنے شوہر کو تلاش کرتی ہے۔ لیکن، ہر بار مایوسی ہی ہاتھ لگتی ہے۔ اس دوران اس کی ملاقات اپنے شوہر کے ایک دیرینہ دوست سے ہوتی ہے جو اس کے بارے میں ایک ایسا انکشاف کرتا ہے جس سے پیمان کی زندگی میں طوفان کھڑا ہوجاتا ہے۔

’فراق‘ کو تحریر کیا ہے مصطفیٰ بلال نے۔ ہدایات دی ہیں عابس رضا عابدی نے۔ پیشکش مو ُمنہ دُرید کی ہے اور ادکاروں میں شامل ہیں صنم، محب مرزا، حرا سلمان، جنید خان، نورالحسن، سید مظہر علی اور عظمیٰ جیلانی۔

تم میرے ہی رہنا
’تم میرے ہی رہنا‘ کے مرکزی کردار ہیں رانیہ اور نمیل۔ نمیل،رانیہ کی پھوپھی کا بیٹا ہے۔ وہ دونوں ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اوردونوں کی منگنی بھی ہوجاتی ہے لیکن تبھی رانیہ کی ماں درمیان میں آجاتی ہیں جو دولت کے لالچ میں اس منگنی کوتوڑ دیتی ہیں لیکن رانیہ اور نمیل گھر سے بھاگ کر شادی کر لیتے ہیں۔

کہانی میں نیا موڑ اس وقت آتا ہے جب انا کی جنگ میں ایک دن رانیہ کے باپ کے ہاتھوں نمیل کے بھائی کا خون ہوجاتا ہے اور نمیل کا باپ عجیب و غریب شرائط پر رانیہ کے باپ کو معاف کردیتا ہے۔ وہ کیا شرائط تھیں، یہ جاننے کے لئے آپ کو ڈرامہ ’تم میرے ہی رہنا‘ دیکھنا پڑے گا۔

’تم میرے ہی رہنا‘ سید وصی شاہ کی تحریر ہے۔ ہدایات آصف یونس نے دی ہیں۔ پیشکش سکس سگما کی ہیں جبکہ اداکاروں میں میکال، عروہ، صبا حمید، وسیم عباس، ہما حامد، راشد محمود، عظمیٰ حسن، کرن حق اور سہیل سمیر شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG