رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں تین ہلاک


پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعرات کی صبح مبینہ امریکی ڈرون حملے میں کم از کم تین مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

انٹیلی جنس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ کے جاسوس طیارے سے میران شاہ کے علاقے میں شدت پسندوں کے زیر استعمال ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے۔

شمالی وزیرستان کے انتظامی مرکز میران شاہ میں گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔ بدھ کی شام ڈرون حملے میں بھی کم از کم تین جنگجو ہلاک ہو گئے تھے۔

ابو یحییٰ ال لیبی (فائل فوٹو)
ابو یحییٰ ال لیبی (فائل فوٹو)


افغان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان میں چار جون کو امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کا نائب ابو یحیٰی ال لیبی ہلاک ہو گیا تھا۔

قبائلی علاقوں میں شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر امریکی ڈرون حملوں میں حالیہ اضافے پر پاکستان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اِنھیں ملک کی سالمیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ڈرون حملے پاک امریکہ تعلقات میں تناؤ کی ایک بڑی وجہ ہیں اور پاکستانی پارلیمان نے اپریل کے وسط میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرار داد میں بھی ایسے حملوں کی بندش کا مطالبہ سر فہرست تھا۔

لیکن امریکی حکام انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں ڈرون کو اہم اور موثر ہتھیار قرار دیتے ہیں، جس کی وجہ سے عمومی تاثر یہی ہے کہ مستقبل قریب میں ڈرون حملے بند ہونے کا بظاہر کوئی امکان نہیں۔

XS
SM
MD
LG