رسائی کے لنکس

99 فی صد یقین ہے کہ حماس رہنما کے قتل میں اسرائیل کا ہاتھ ہے: دبئی پولیس


دوبئی کے پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ انہیں تقریباً بالکل یقین ہے کہ اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی موساد دوبئی کے ایک ہوٹل میں ایک اعلیٰ سطح کے فلسطینی عسکریت پسند کے قتل کی ذمے دار ہے۔

پولیس کے سر براہ داہی خلفان تمیم نے انگریزی اخبار ’نیشنل‘کو بتایا کہ انہیں 99 فیصد یقین ہے کہ حماس کے کمانڈر محمود المبحوح کے قتل میں موساد ملوث تھی۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ اویگڈار لیبرمین نے کہا ہے کہ یہ فرض کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے کہ قتل کے پیچھے ان کے ملک کا ہاتھ تھا۔ اسرائیلی عہدے داروں کو اس معاملے میں کوئی تبصرہ نہ کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے۔

برطانیہ اور آئرلینڈ نے ایک اعلیٰ سطح کے فلسطینی عسکریت پسند کے مبینہ قاتلوں کی جانب سے جعلی یورپی پاسپورٹ استعمال کرنے کے بعد اسرائیلی سفارت کاروں سےسوالات کے جواب دینے کے لیے کہا ہے۔

کل برطانیہ کے وزیر اعظم گورڈن براؤن نے اس واقعے میں برطانوی پاسپورٹ استعمال ہونے پر تفتیش کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے ایک روز بعد برطانیہ کے لیے اسرائیلی سفیر جمعرات کے روز لندن میں عہدے داروں سےملاقات کریں گے۔

برطانیہ، آئرلینڈ اور جرمن پاسپورٹ ان 11 افراد نے استعمال کیے تھے جن پر حماس کے کمانڈر محمود المبحوح کو گذشتہ ماہ دوبئی میں ایک منظم کارروائی میں ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

حماس اسرائیل پر قتل کا الزام عائد کر چکا ہے اور میڈیا کی قیاس آرائیوں میں اسرائیل کی انٹیلی جنس سروس موساد پر توجہ مرکوز رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG