رسائی کے لنکس

صدر اوباما کی ’گن کنٹرول‘ سے متعلق بحث میں شرکت


صدر اوباما بحث میں سی این این کے میزبان اینڈرسن کوپر سے گفتگو کر رہے ہیں۔
صدر اوباما بحث میں سی این این کے میزبان اینڈرسن کوپر سے گفتگو کر رہے ہیں۔

امریکہ میں ہر سال آتشیں اسلحے سے ہزاروں افراد قتل ہوتے ہیں جن میں خود کشیاں اور قتل عام کے واقعات بھی شامل ہیں۔

صدر براک اوباما نے حال ہی میں ملک میں ’گن کنٹرول‘ یعنی آتشیں اسلحے سے پھیلنے والے تشدد کو روکنے کے لیے نئے انتظامی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو صدر اوباما نے ٹاؤن ہال طرز کے ایک اجلاس میں اسلحہ رکھنے کی حامی ملک کی سب سے بڑی تنظیم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور امریکی عوام سے اپنے اقدامات کے لیے حمایت حاصل کرنے کے لیے دلائل پیش کیے۔

’سی این این‘ کی میزبانی میں ہونے والے ایک گھنٹے کے پروگرام میں اوباما نے طاقتور تنظیم نیشنل رائفل ایسوسی ایشن (این آر اے) پر الزام عائد کیا کہ وہ ’’گانگریس کو گرفت‘‘ میں لیے ہوئے ہے اور عوام میں اس ’’سازش‘‘ کا پروپیگنڈا کر رہی ہے کہ وفاقی حکومت ’’آپ کی بندوقیں واپس لینے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘

’’این آر اے نے اپنے کئی ارکان کو قائل کر لیا ہے کہ کوئی آ کر آپ کی بندوقیں چھین لے گا، جو ویسے بندوقیں بنانے والوں کے لیے بہت منافع بخش ہو گا۔ یہ ایک بہت بڑی اشتہاری مہم ہے۔‘‘

یہ اجلاس واشنگٹن کے قریب ورجینیا میں این آر اے کے ہیڈ کوارٹر سے پانچ کلومیٹر دور واقع جارج میسن یونیورسٹی میں منعقد کیا گیا۔ این آر اے نے اس میں شرکت کی دعوت کو مسترد کر دیا تھا۔

این آر اے نے صدر کے بیان پر ٹوئیٹر کے ذریعے اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’(اوباما) اس مسئلے پر علمی طور پر ایماندارانہ بحث نہیں کرنا چاہتے۔ وہ این آر اے کو اپنے عوامی رابطہ کاری کے کرتب میں ناظرین کا حصہ بنانا چاہتے تھے۔ شکریہ، ہم نہیں آ سکتے۔‘‘

این آر اے ان بہت سے انتظامی اقدامات کے خلاف ہے جن کا اعلان صدر اوباما نے اس ہفتے کے اوائل میں کیا تھا۔ ان میں دیگر اقدامات کے علاوہ آتشیں اسلحہ فروخت کرنے والوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ لائسنس حاصل کریں اور اسلحہ خریدنے والوں کے پس منظر کی جانچ پڑتال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

امریکہ میں ہر سال آتشیں اسلحے سے ہزاروں افراد قتل ہوتے ہیں جن میں خود کشیاں اور قتل عام کے واقعات بھی شامل ہیں۔ صدر اوباما کے مطابق دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت امریکہ میں ایسے واقعات کی شرح ہبت کم ہے۔

ماضی میں گن کنٹرول کے لیے کئی مرتبہ ناکام کوششیں کرنے کے بعد صدر اوباما اپنی صدارت کے آخری سال کے دوران ان اقدامات کے نفاذ کی آخری کوشش کر رہے ہیں۔ اس سے قبل ریپبلکن پارٹی نے ان کی کوششوں کو مسترد کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG