رسائی کے لنکس

برطانوی ویزا فیس کے لیے آن لائن ادائیگی کی سہولت کا آغاز


درخواست گزار آن لائن ویزا فیس کی ادائیگی کے لیے ماسٹر اور ویزا کریڈٹ کارڈ یا پھر ڈیبٹ کارڈ استعمال کر سکیں گے۔

برطانوی ویزے کے حصول کے خواہشمند پاکستانی شہری پیر 16 دسمبر سے ناصرف اپنی ویزا درخواست آن لائن جمع کرا سکیں گے بلکہ ویزا فیس کی ادائیگی بھی آن لائن سسٹم کے تحت کر سکیں گے ۔

برٹش ہائی کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق برطانوی ہوم آفس کی جانب سے پاکستان میں برطانوی ویزا درخواستوں کے عمل کو مزید با سہولت بنانے کے لیے ویزے کے حصول کے لیے آن لائن فیس کی ادائیگی کی اضافی سہولت کا آغاز کیا جا رہا ہے جو پیر کے روز سے کام کرنا شروع کر دے گی۔

تفصیلات کے مطابق درخواست گزار آن لائن ویزا فیس کی ادائیگی کے لیے ماسٹر اور ویزا کریڈٹ کارڈ یا پھر ڈیبٹ کارڈ استعمال کر سکیں گے اس کے علاوہ آن لائن ای۔ والٹ سروس کے ذریعے بھی فیس ادا کی جا سکتی ہے جس کے لیے فیس کی ادائیگی براہ راست برطانوی پونڈ اسٹرلنگ میں ادا کی جائے گی۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی ویزا سیکشن کی سربراہ مارگریٹ پیرٹریڈج نے کہا کہ ’’پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہر سال چودہ لاکھ افراد سفر کرتے ہیں اور پوری دنیا میں جاری کیے جانے والے برطانوی ویزا کی پانچویں بڑی تعداد پاکستان کے لیے جاری کی جاتی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’ ہم پاکستان میں معیاری ویزا سہولیات فراہم کرنے کے لیےمصروف عمل ہیں خاص طور پر آن لائن فیس کی ادائیگی سے اخراجات میں کمی واقع ہو گی جس سے ویزا فیس کم سے کم رکھنے میں مدد ملے گی اور پھر یہ طریقہ درخواست گزاروں کے لیے بھی محفوظ ہے کیونکہ اس طرح انھیں ویزا فیس کی ادائیگی کے لیے نقد رقم ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔‘‘

ان کے بقول پاکستان اور برطانیہ کے مشترکہ مفادات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں اور گزشتہ برس بہت بڑی تعداد میں موصول ہونے والی ویزا درخواستیں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کا واضح ثبوت ہیں۔
XS
SM
MD
LG