رسائی کے لنکس

ایسٹر سنڈے کا تہوار جوش و جذبے سے منایا گیا


پوپ
پوپ

حال ہی میں پوپ کے فرائض سنبھالنے والے، پوپ فرینسس نے، جو رومن کیتھولک دنیا کے عالمی پیشوا ہیں، اپنا پہلا ’سنڈے ایسٹر‘ کا اجتماع سینٹ پیٹرز اسکوائر میں منعقد کیا

دنیا بھر کے عیسائیوں نے اتوار کے دِٕن ایسٹر کے تہوار کی خوشیاں منائیں، جو عیسوی کیلنڈر کے متبرک ترین دِن کی حیثیت رکھتا ہے، جسے حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کےپھر سے زندہ ہونے کی نسبت سے منایا جاتا ہے، جب کہ عقیدمندوں کا کہنا ہے کہ حیات نو کا یہ واقعہ اُنھیں صلیب پر چڑھائے جانے کے بعد تیسرے روز کا ہے۔

حال ہی میں پوپ کے فرائض سنبھالنے والے، پوپ فرینسس نے، جو رومن کیتھولک دنیا کے عالمی پیشوا ہیں، اپنا پہلا ’سنڈے ایسٹر‘ کا اجتماع سینٹ پیٹرز اسکوائر میں منعقد کیا۔

ویٹیکن نے بتایا ہے کہ اِس اجتماع میں ڈھائی لاکھ عقیدتمند شریک ہوئے۔ اجتماع کے بعد جب پوپ موٹر گاڑی میں اسکوائر سے باہر روانہ ہو رہے تھے، ایک جم غفیر نے اُن کا والہانہ خیر مقدم کیا۔

بعد ازاں، بالکنی میں کھڑے ہوکر، فرینسس نے ’اُربی ات اُربی‘ واعظ دیا، جس لاطینی جملے کا مطلب ’شہر اور دنیا والوں کے لیے خطاب‘ ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں گذشتہ ماہ اپنے انتخاب کے بعد اُنھوں نے پبلک کو پہلا درشن کرایا تھا۔

امن کی اپیل کرتے ہوئے، اُنھوں نےخصوصی طور پر دنیا بھر کے متعدد مشکلات کے شکار مقامات کی نشاندہی کی۔

آسٹریلیا کے تیوی نامی جزیروں میں سے ملویل جزیرے پر ایسٹر کا ایک اجتماع ہوا جس میں عبادت گزاروں نے مقامی ثقافت اور کیتھولک اثرات کے نمایاں طور طریقوں سے یہ دِن منایا۔

فلپین میں صدر نینگنو اکینو نے کہا کہ جس طرح حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی حیات نو ہوئی، فلپین کے لوگوں میں رشوت اور اخلاقی بگاڑ کے خلاف ایک نئی امید کا احیا ہوا ہے۔

عراق میں، سخت سکیورٹی کے ماحول میں، کیتھولک عیسائیوں نے ایسٹر منانے کے لیے ملک کی کلیساؤں کا رُخ کیا۔

امریکی صدر براک اوباما نے اپنے ہفتہ وار خطاب میں کہا ہے کہ ایسٹر ہمیں ذاتی مفادات سے بلند ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

تاہم، ایسٹر کی ساری رسومات مذہب سے متعلق نہیں ہوتیں۔

نیو یارک میں سالانہ ایسٹر پریڈ ہوئی جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی جس میں شہر کے باسی پرانی وضع کے بہترین ملبوسات زیب تن کرتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG