رسائی کے لنکس

خوراک کو آہستہ اور چبا چبا کر کھانا چاہیئے: تحقیق


امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک یونیورسٹی سے منسلک مینا شاہ کی ٹیم نے اس بارے میں ایک تحقیق کی جس کے نتیجے کے مطابق خوراک کو اگر چبا چبا کر کھایا جائے تو انسان کم کھانا کھاتا ہے اور اس کا پیٹ جلدی بھر جاتا ہے۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر کھانے کو آرام آرام سے اور چبا چبا کر کھایا جائے تو انسان نسبتاً کم کھاتا ہے مگر یہ کہنا دشوار ہے کہ یہ عمل فربہ لوگوں کے لیے بھی اتنا ہی کام کرتا ہے جتنا کہ دبلے لوگوں کے لیے۔

امریکی ریاست ٹیکساس کی ایک یونیورسٹی سے منسلک مینا شاہ کی ٹیم نے اس بارے میں 35 دبلے اور 35 فربہ لوگوں پر ایک تحقیق کی۔

تحقیق میں شامل افراد کو دو مختلف موقعوں پر سبزیوں کا پاستا کھانے کو کہا گیا۔ پہلی مرتبہ انہیں کہا گیا کہ وہ آہستہ اور چبا چبا کر کھائیں۔

کئی دنوں بعد انہیں دوبارہ یہی کھانا دیا گیا اور انہیں تلقین کی گئی کہ اس مرتبہ وہ کھانا تیزی سے کھائیں۔

دونوں موقعوں پر تحقیق میں حصہ لینے والوں کی پلیٹوں کا ان کا کھانا مکمل ہونے کے بعد وزن کیا گیا جس کے بعد یہ نتیجہ سامنے آیا کہ نارمل وزن رکھنے والوں نے چبا چبا کر کھانے کے دوران 88 کیلوریز کم کھائیں جبکہ تیزی سے کھانے میں انہوں نے زیادہ کیلوریز کھائیں۔

دونوں گروپوں کے لوگوں نے جب آہستہ آہستہ اور چبا چبا کر کھانا کھایا تو اس دوران انہوں نے زیادہ پانی پیا اور کھانے کے آخر میں ان کا پیٹ پوری طرح بھر گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خوراک کو اگر چبا کر کھایا جائے تو نہ صرف انسان کم حرارے استعمال کرتا ہے بلکہ اس طرح خوراک سے بھی زیادہ فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG