رسائی کے لنکس

پاکستان میں قید بھارتی فوجی کی رہائی کی کوششیں


بھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ (فائل فوٹو)
بھارتی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ (فائل فوٹو)

بھارت کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فوج کی طرف سے تحویل میں لیے گئے بھارتی فوجی کی رہائی کے لیے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کو نئی دہلی میں سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس بارے میں پاکستان سے بات کرے گا۔

پاکستان کی طرف سے باضابطہ طور پر تو کسی بھارتی فوجی کو گرفتار کیے جانے کے بارے میں نہیں بتایا گیا لیکن شائع شدہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فوج نے چندو بابولال چوہان کو اس وقت تحویل میں لیا جب وہ مبینہ طور پر پاکستانی کشمیر میں داخل ہو رہا تھا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے ٹی وی چینل "الجزیرہ" سے بات کرتے ہوئے بھارتی فوجی کی پاکستانی حکام کی تحویل میں ہونے کا ذکر تو کیا لیکن انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس فوجی کو کب پکڑا گیا تھا۔

جمعرات کو ہی بھارتی فوج نے کہا تھا کہ اس کے فوجیوں نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر سرجیکل اسٹرائیک کی تھی۔

تاہم پاکستان نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس سے دو پاکستانی فوجی مارے گئے۔ جواب میں پاکستانی فوج کی طرف سے فائرنگ کی تھی اور یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا تھا۔

بھارتی فوج کے ایک عہدیدار کا یہ بیان بھی سامنے آیا ہے کہ 37 راشٹریا رائفلز سے تعلق رکھنے والا ان کا فوجی نادانستہ طور پر لائن آف کنٹرول کے پار پاکستانی کشمیر میں پہنچ گیا تھا۔

عہدیدار نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی "روئٹرز" کو بتایا کہ ماضی میں دونوں ملک نادانستہ طور پر حد بندی عبور کرنے والوں کو چھوڑ دیتے رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG