رسائی کے لنکس

16 لاپتا پاکستانیوں کی تلاش کے لیے اسرائیل سے بالواسطہ رابطے


سینیٹ میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ ان لاپتا ہونے والے پاکستانیوں کا معاملہ انسانی حقوق کا سنگین مسئلہ ہے۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ امریکہ اور اردن کے سفارت خانوں کے ذریعے ان 16 پاکستانیوں کی تلاش کی کوشش کی جا رہی ہے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اسرائیل میں قید ہیں۔

یہ پاکستانی 2009 میں ایک تجارتی جہاز ’ایم وی ڈینی ایف ٹو‘ کو بحیرہ احمر میں پیش آنے والے حادثے کے بعد لاپتا ہو گئے تھے۔

سینیٹ میں ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ ان لاپتا ہونے والے پاکستانیوں کا معاملہ انسانی حقوق کا سنگین مسئلہ ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ اب تک ان پاکستانیوں کی اسرائیلی جیلوں میں موجودگی کی تصیدیق نہیں ہو سکی ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہ ہونے کے باعث پاکستان اس معاملے کو دیگر ممالک کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے کہا تھا کہ ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی اُن اطلاعات کی تصدیق کی جا رہی ہے جن کے مطابق 16 پاکستانی اسرائیل کی جیل میں بند ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں اقوام متحدہ سے بھی مدد کی درخواست کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG