رسائی کے لنکس

مصر:اخوان المسلمین کے مرکزی ترجمان گرفتار


مرسی کے حامیوں پر فوج کی طرف سے کیے جانے والے پرتشدد کریک ڈاؤن کے بعد سے حدید روپوش تھے۔

مصر میں پولیس نے تشدد پر اکسانے کے الزام میں اخوان المسلمین کے مرکزی ترجمان کو گرفتار کیا ہے۔

جہاد الحدید اور اخوان کے متعدد سینیئر ارکان کو منگل کو قاہرہ کے ایک اپارٹمنٹ سے حراست میں لیا گیا۔

2012ء میں محمد مرسی کے صدر منتخب ہونے کے بعد حدید دنیا بھر میں اخوان کے ترجمان کے طور پر پہچانے جانے لگے تھے۔ انھوں نے رواں سال جولائی میں فوج کی طرف سے مرسی کو برطرف کیے جانے کے بعد بھی اخوان اور مسٹر مرسی کا دفاع جاری رکھا۔

مرسی کے حامیوں پر فوج کی طرف سے کیے جانے والے پرتشدد کریک ڈاؤن کے بعد سے حدید روپوش تھے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے حدید کی گرفتاری کو سیاسی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ اس نے مصر کی عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ سیاسی پیش رفت کے لیے تمام فریقوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔

منگل ہی کو مصر کی ایک عدالت نے اخوان المسلمین کے کئی سینیئر ارکان کے اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا۔ اخوان کے زیادہ تر رہنما بشمول مسٹر مرسی زیر حراست ہیں، ان پر تشدد کو ہوا دینے کا الزام ہے۔
XS
SM
MD
LG