رسائی کے لنکس

مصری عدالت: غیر ملکی ’این جی اوز‘ کے کارکنان کو سزائیں


عدالت نے اِن غیر سرکاری اداروں کے مصر میں واقع دفاتر کو مستقل طور پر بند کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں، جِن میں امریکہ میں قائم ’فریڈم ہاؤس‘، ’دی نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ‘ اور ’دی انٹرنیشنل ریپلیکن انسٹی ٹیوٹ‘ بھی شامل ہیں۔

مصر کی ایک عدالت نے بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والےشہریوں اورمصر میں غیر سرکاری اداروں کے لیے کام کرنے والے 43کارکنان کو سزائیں سنائیں ہیں، جِن میں کم از کم 15امریکی بھی شامل ہیں۔ اُن پر الزام تھا کہ اُنھوں نے ملک میں بے چینی پھیلانے کے لیےرقوم کا غیر قانونی استعمال کیا۔

عدالت نے منگل کے روز متعدد کارکنان کوپانچ سال تک کی قید کی سزائیں سنائیں۔ اِن میں سے زیادہ تر ملزمان کوغیرموجودگی میں سزا سنائی گئی، جنھیں گذشتہ سال ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

اِن میں سےپانچ کارکنوں کو، جِن میں ایک امریکی شہری اب بھی مصر میں ہے، دو سال قید کی سزا سنائی گئی اور 1000مصری پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا، جِس کی مالیت ڈالر میں 143بنتی ہے۔ باقی 11ملزمان کو ایک ایک سال قید کی سزاسنائی گئی۔

عدالت نے اِن غیر سرکاری اداروں کے مصر میں واقع دفاتر کو مستقل طور پر بند کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں، جِن میں امریکہ میں قائم ’فریڈم ہاؤس‘، ’دی نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ‘ اور ’دی انٹرنیشنل ریپلیکن انسٹی ٹیوٹ‘ بھی شامل ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ، جان کیری نے اِس مقدمے کو’سیاسی نوعیت ‘ کا حامل قرار دیا۔

اُنھوں نے کہا کہ اِس فیصلے کی بنیاد ’جماعت سازی کی آزادی کے آفاقی اصولوں کے خلاف‘ہے، اور یہ کہ یہ فیصلہ مصر کی جمہوریت کی طرف گامزن ہونے کی راہ سے مطابقت نہیں رکھتا۔

کیری نے کہا کہ کسی بھی جمہوریت میں سول گروپس اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیمیں حقیقی کردار ادا کیا کرتی ہیں۔

اِس پُرتشدد کارروائی کا آغاز 2011ء میں ہوا، جب مصر کے حکام نے امریکہ میں قائم متعدد جمہوریت نواز گروہوں اور این جی اوز کے دفاتر پر چھاپے مارے اور مصر کے استحکام کے خلاف کام کرنے کے لیےملنے والی غیر قانونی رقوم کے شبہ میں 16سرگرم امریکی کارکنوں کے خلاف الزامات عائد کیے۔

اِس واقع کے باعث، مصر اور اُس کے اتحادی، امریکہ کے مابین ایک بڑا سفارتی تنازعہ کھڑا ہوگیا۔ بعدازاں، مصر کے ایک جج نے سرگرم کارکنوں پر سفر کی پابندی سے متعلق احکامات واپس لیے، اور اِس طرح، اُن کے ملک سے باہر جانے کی اجازت ملی۔
XS
SM
MD
LG