رسائی کے لنکس

مصر: اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 3 افراد کو قید کی سزا


مصر: اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 3 افراد کو قید کی سزا
مصر: اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں 3 افراد کو قید کی سزا

مصر کی ایک عدالت نے ایک مقامی کاروباری شخصیت اور دو اسرائیلی باشندوں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ثابت ہونے پر 25 برس قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالت کی جانب سے مقدمے کے فیصلے کا اعلان جمعرات کے روز کیا گیا۔ مقدمے کے واحد گرفتار شخص طارق حسن درآمد و برآمد کی ایک کمپنی چلاتے ہیں اور انہیں گزشتہ برس اگست میں حراست میں لیا گیا تھا۔

طارق حسن پر الزام ہے کہ وہ مصر، شام اور لبنان میں مواصلاتی صنعت سے متعلق کاریگروں کو بھرتی کرنے کی کوشش کر رہے تھے جن سے بعد ازاں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرائی جانا تھی۔

عدالت کی جانب سے دیگر دو اسرائیلی ملزمان کو ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی۔

واضح رہے کہ مصری حکام نے رواں ماہ بھی ایک اسرائیلی نژاد امریکی شہری کو گرفتار کیا تھا جس کے بارے میں حکام کا دعویٰ ہے کہ وہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی 'موساد' کا افسر ہے۔

مصری حکام کے دعوے کے مطابق الہان گراپیل نامی گرفتار شخص نے دارالحکومت قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر ہونے والے مظاہروں کے دوران فلسطینی نوجوانوں کو فوج کے ساتھ لڑنے پر اکسایا تھا۔

اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے گزشتہ ہفتے مصری حکام کے اس دعوے کی تردید کی تھی کہ گراپیل اسرائیلی جاسوس ہے۔

XS
SM
MD
LG