رسائی کے لنکس

مصر میں انقلاب کی حفاظت کریں گے: عبوری صدر


عبوری صدر عدلی منصور
عبوری صدر عدلی منصور

عبوری صدر کا کہنا تھا کہ ’’ہم سلامتی کی جنگ کو آخر تک لڑیں گے، ہم انقلاب کی حفاظت کریں گے، ہم قوم کی تعمیر کریں گے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے آگے بڑھیں گے۔‘‘

مصر کے عبوری صدر عدلی منصور نے ان کے بقول ملک کو بدامنی کی طرف لے جانے والوں کے خلاف ’’سلامتی کی جنگ کو منطقی انجام‘‘ تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔

ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں مسٹر منصور کا کہنا تھا کہ مصر ایک ’’فیصلہ کن وقت‘‘ میں ہے اور ایسے میں اسے ان لوگوں سے محفوظ رکھنا ضروری ہے جو یہاں ’’تشدد اور خون خرابا‘‘ برپا کرنا چاہتے ہیں۔

’’ میں ایک بار پھر آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میری اور حکومت کی تمام تر کاوشیں ملک میں سلامتی اور استحکام کو بحال کرنے کے لیے ہیں۔ ہم خوفزدہ نہیں ہوں اور نہ ہی متنبہ، اور نہ ہی ہم بے گناہوں کو قتل کرنے والوں پر گرفت ڈھیلی رکھیں گے۔‘‘

عبوری صدر کا کہنا تھا کہ ’’ہم سلامتی کی جنگ کو آخر تک لڑیں گے، ہم انقلاب کی حفاظت کریں گے، ہم قوم کی تعمیر کریں گے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے آگے بڑھیں گے۔‘‘

یہ تقریر ایک ایسے وقت کی گئی ہے جب برطرف کیے جانے والے صدر محمد مرسی کے حامیوں نے جمعہ کو بڑے پیمانے پر مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے۔ مرسی گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے کسی خفیہ مقام پر فوج کی تحویل میں ہیں اور ان کے مخالفین نے بھی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

جمعرات کو فوج نے مظاہرین کو پرامن رہنے کی تنبیہہ کی تھی۔ ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ تشدد شروع کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG