رسائی کے لنکس

مصر: سرکاری ملازمین کی ہڑتال کے بعد عام تعطیل


مصر: سرکاری ملازمین کی ہڑتال کے بعد عام تعطیل
مصر: سرکاری ملازمین کی ہڑتال کے بعد عام تعطیل

مصر میں بعض سرکاری اداروں کے ملازمین کی جانب سے ہڑتال کے پیش نظر پیر کو عام تعطیل تھی۔

احتجاج میں شریک افراد نے سابق صدر حسنی مبارک کے مستعفی ہونے کے بعد فوجی قیادت سے مزید مطالبات کر رکھے ہیں۔

حالیہ دنوں میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں میں شامل رہنے والے گیحان محمد کا کہنا ہے کہ عوام ملکی معیشت کے بارے میں فکرمند ہے۔

حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ گیحان محمد نے بتایا کہ ملک کو جو معاشی اور دیگر نقصانات ہوئے ہیں ان کے ازالے کے لیے طویل عرصہ درکار ہوگا لیکن ’امید ہے کہ ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوں گے‘۔

جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں منگل کو مصر میں عام تعطیل ہو گی۔ تاہم ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے مصر کے سنٹرل بینک نے پیر کو بھی بینکوں اور مالیاتی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا تھا۔

گذشتہ چند روز کے دوران احتجاجی مظاہروں، دھرنوں اور ہڑتالوں کا سلسلہ مصر کے مختلف سرکاری اداروں تک پھیل گیا ہے، جن میں اسٹاک ایکسچینج، کپڑے اور اسٹیل کی صنعت، ذرائع ابلاغ کے ادارے، ڈاک اور ریل وے کے محکمے شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مصر کی فوج سرکاری ملازمین کی طرف سے کی جانے والی ہڑتالوں کے خلاف پیر کو پابندی کا اعلان کرنے کی تیاری کر رہی ہے جب کہ یہ انتباہ بھی کیا جائے گا کہ فوج ’افراتفری اور بدنظمی‘ روکنے کے لیے عملی اقدامات بھی کرے گی۔

ان اعلانات کا مقصد ملک میں مزید احتجاجی مظاہروں کو روکنا اور معمولات زندگی بحال کرنا ہے۔

مصر میں لاکھوں حکومت مخالف مظاہرین کے 18 روز تک جاری رہنے والے شدید ملک گیر احتجاج کے بعد حسنی مبارک جمعہ کو مستعفی ہو گئے تھے اور فوجی قیادت نے حکومت کا نظام سنبھالنے کے بعد اتوار کو پارلیمان تحلیل کرنے کے ساتھ ساتھ آئین معطل کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG