رسائی کے لنکس

مصر: سیاحوں کی آمد میں دوبارہ اضافہ


گزشتہ برس لگ بھگ ایک کروڑ پانچ لاکھ سیاح مصر پہنچے جن سے ملکی معیشت کو 9ء9 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی۔

مصر کے وزیرِ سیاحت کا کہنا ہے کہ سنہ 2012 کے دوران میں ملک میں سیاحوں کی آمد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فی صد اور اس کے نتیجے میں ہونے والی آمدنی میں 13 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گو کہ وزیرِ سیاحت ہشام زازو نے منگل کو دیے جانے والے اپنے بیان مصر آنے والے سیاحوں کی درست تعداد بیان نہیں کی لیکن خبر رساں ادارے 'رائٹرز' نے 2011ء کے اعدادو شمار سے تقابل کے بعد بتایا ہے کہ گزشتہ برس لگ بھگ ایک کروڑ پانچ لاکھ سیاح مصر پہنچے جن سے ملکی معیشت کو 9ء9 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی۔

یہ تعداد 2010ء میں مصر آنے والے سیاحوں کی تعداد سے کہیں کم ہے جب ایک کروڑ 45 لاکھ افراد گھومنے پھرنے کی غرض سے مصر گئے تھے جن سے ملکی معیشت کو ساڑھے بارہ ارب ڈالر کا فائدہ ہوا تھا۔

لیکن اس کے بعد جنوری 2011ء میں اس وقت کے صدر حسنی مبارک کے خلاف چلنے والی احتجاجی تحریک اور ان کی اقتدار سے رخصتی کے بعد ملک میں پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے سبب مصر کی سیاحتی صنعت کو خاصا نقصان اٹھانا پڑا تھا اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں نمایاں کمی آئی تھی۔

اپنے بیان میں مصر کے وزیرِ سیاحت نے ملک آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا جو تاحال دو برس قبل چلنے والے احتجاجی تحریک اور اس کے نتیجے میں کھڑے ہونے والے سیاسی بحران کے اثرات سے نکلنے اور اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی کوشش میں مصروف ہے۔

ماہرینِ معاشیات کے اندازوں کے مطابق صدر حسنی مبارک کا تختہ الٹے جانے سے قبل مصر کی کل معیشت میں سیاحت کا حصہ 11 فی صد کے لگ بھگ تھا۔

سرکاری اعدادو شمار کے مطابق 2011ء میں - جب ملک میں احتجاجی تحریک اور سیاسی بحران عروج پر تھا – لگ بھگ 98 لاکھ سیاح مصر آئے تھے جن سے قومی معیشت کو 8ء8 ارب ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔
XS
SM
MD
LG