رسائی کے لنکس

مصر: صحرائے سینا سے بھاری اسلحہ برآمد


سینا کا یہ صحرائی علاقہ فلسطینی علاقے غزہ اور اسرائیل سے ملحق ہے۔

مصر میں حکام نے اسرائیلی سرحد سے متصل علاقے صحرائے سینا سے ٹینک شکن اور طیارہ شکن راکٹ برآمد کیے ہیں جنہیں سیکیورٹی ذرائع کے بقول مبینہ طورپر غزہ اسمگل کیا جانا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق برآمد کیے گئے راکٹوں کی تعداد چھ ہے جنہیں سیکیورٹی اداروں نے جمعرات کی شب کی جانے والی ایک کاروائی کے دوران میں تحویل میں لیا۔

'رائٹرز' نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ تحویل میں لیے گئے راکٹ خاصے جدید ہیں۔ ہتھیاروں کے ساتھ کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ سینا کا یہ صحرائی علاقہ فلسطینی علاقے غزہ اور اسرائیل سے ملحق ہے اور فروری 2011ء میں مصر کے سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے یہاں شدت پسندوں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔

مصر کے اسلام پسند صدر محمد مرسی نے علاقے میں حکومت کی رِٹ بحال کرنے کا عزم ظاہر کر رکھا ہے لیکن سینا کے باسی بدّو قبائل اور قاہرہ حکومت کے مابین عدم اعتماد کی فضا خاصی گہری ہےجس کے باعث سیکیورٹی اداروں کو علاقے میں قیامِ امن کی کوششوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

حال ہی میں مصری فوج نے لیبیا کی سرحد سے متصل ملک کے مغربی صحرائی علاقے سے بھی راکٹوں اور دیگر اسلحے کی ایک بڑی کھیپ پکڑی تھی جسے حکام کے مطابق لیبیا سے مصر اسمگل کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ لیبیا میں سابق آمر حکمران معمر قذافی کی حکومت کے خلاف 2011ء میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد مصر کے اس سرحدی صحرائی علاقے میں اسلحے کی اسمگلنگ میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا تھا۔
XS
SM
MD
LG