رسائی کے لنکس

قاہرہ: نئے وزیر اعظم نے حلف اٹھا لیا


پیٹرولیم کے سابق وزیر، شریف اسماعیل نئے وزیر اعظم ہیں۔۔۔ طویل عرصے سے تاخیر کے شکار پارلیمانی انتخابات کرانا نئی حکومت کی ذمہ داری ہوگی، جو 17 اکتوبر سے 2 دسمبر کے درمیان مرحلہ وار کرائے جائیں گے

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے ہفتے کے روز نئی حکومت سے عہدے کا حلف لیا۔ پیٹرولیم کے سابق وزیر، شریف اسماعیل نئے وزیر اعظم ہیں۔

نئی حکومت میں کئی وزرا نے، جِن میں وزیر مالیات، داخلہ اور دفاع شامل ہیں، اپنے قلمدان برقرار رکھے ہیں۔

گذشتہ ہفتے ہی وزیر اعظم ابراہیم محلب اور اُن کی کابینہ مستعفی ہوگئی تھی، جس سے قبل ابلاغ عامہ میں اُن کی حکومت کو سخت تنقید اور بڑھتی ہوئی بدعنوانی کی شکاکات کی تفتیش پر تنقید کا سامنا تھا، جس کے باعث حالیہ دِنوں اُن کے وزیرِ زراعت کو بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کیا گیا۔


طویل عرصے سے تاخیر کے شکار پارلیمانی انتخابات کرانا نئی حکومت کی ذمہ داری ہوگی، جو 17 اکتوبر سے 2 دسمبر کے درمیان مرحلہ وار کرائے جائیں گے۔

یہ انتخابات 2015ء کے اوائل میں ہونا تھے، جنھیں اسلام نواز حزب مخالف کے خلاف کی گئی کارروائی کے دوران حقوقِ انسانی کے گروپس کی جانب سے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے استعمال کے الزامات کے بعد معطل کر دیا گیا تھا۔

جہاں ملک کا نجی میڈیا السیسی کا معترف ہے، وہیں حالیہ دِنوں کے دوران حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے وزرا پر نالائقی اور مصر کے عوام سے رابطے میں نہ رہنے کا الزام لگایا ہے، جب کہ ملک 2011ء کے بعد سے کشیدگی کا شکار رہا ہے، جب طویل عرصے سے عنان حکومت پر فائز آمر، حسنی مبارک کا تختہ الٹا گیا۔

سابق وزیر زراعت، صلاح الدین حلال اور دیگر حضرات کے خلاف چھان بین جاری ہے، جن پر ایک ارب ڈالر مالیت رشوت لینے کا الزام ہے۔

حکومت مصر کو ایک مدت سے بدعنوانی کے الزامات درپیش ہیں، خاص طور پر زمینوں کی لین دین کے معاملے پر۔ السیسی عام طور پر اس بات پر اصرار کرتے ہیں کہ وہ رشوت ستانی کے مسئلے کو حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG