رسائی کے لنکس

مصر: القاعدہ کے تین مشتبہ دہشت گرد گرفتار


وزیر داخلہ
وزیر داخلہ

مصر کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ القاعدہ نے مبینہ طور پر اِن تین اشخاص کو ایران اور پاکستان میں دہشت گردی کی تربیت دی، جب کہ اِس گروہ کےالجیریا میں سرگرم القاعدہ کے ارکان سے بھی رابطے تھے

مصر کے عہدے داروں نے بتایا ہے کہ حکام نےالقاعدہ سے تعلق رکھنے والے تین مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، جو مبینہ طور پر کلیدی تنصیبات اور نامعلوم غیر ملکی سفارت خانوں پر خودکش حملوں کی سازش میں ملوث تھے۔

ہفتے کے دِن وزیر داخلہ محمد ابراہیم نے ایک اخباری کانفرنس کو بتایا کہ یہ لوگ داؤد الاسدی سے رابطے میں تھے، جو جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں القاعدہ کا ایک سرغنہ بتایا جاتا ہے۔

اُنھوں نے بتایا کہ یہ گروہ حکومتی عمارات اور ایک غیر ملکی سفارت خانے پر حملے کی سازش میں ملوث تھا۔ تاہم، اُنھوں نے اِن اہداف کی شناخت نہیں بتائی۔

ابراہیم کا کہنا تھا کہ القاعدہ نے اِن تین اشخاص کو ایران اور پاکستان میں دہشت گردی کی تربیت دی تھی، اور اِس گروہ کےالجیریا میں سرگرم القاعدہ کے ارکان سے رابطے تھے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکام نے گروہ سے امونیا نائٹریٹ کے 10کلوگرام قبضے میں لیا، جو گھریلو ساختہ دھماکہ خیز مواد کا ایک کلیدی عنصر ہے۔

سکیورٹی حکام نے اسلامی مغرب میں واقع القاعدہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیانات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی ہے، جس کا پتا گروہ کے ایک فرد کے کمپیوٹر سے چلا۔ اس کے علاوہ، بم اور راکیٹ بنانے کے بارے میں معلومات کا بھی پتا چلا۔

وزیر داخلہ نے اِس بات کی تردید کی کہ القاعدہ مصر میں سرگرم ِعمل ہے، اور کہا کہ یہ تینوں مشتبہ دہشت گرد بیرون ملک واقع القاعدہ سے رابطے میں تھے۔
XS
SM
MD
LG