رسائی کے لنکس

مصر: عبوری وزیرِاعظم کو صدارتی اختیارات تفویض


مصر: عبوری وزیرِاعظم کو صدارتی اختیارات تفویض
مصر: عبوری وزیرِاعظم کو صدارتی اختیارات تفویض

مصر کی حکمران فوجی کونسل نے ملک کے عبوری وزیرِاعظم کمال الغنزوری کو بعض صدارتی اختیارات سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'مینا' کے مطابق عبوری وزیرِ اعظم کو صدر کے لیے مخصوص بعض اختیارات سونپے جانے کے باوجود ملکی فوج اور عدلیہ کے معاملات بدستور 'سپریم کونسل آف آرمڈ فورسز' کے پاس رہیں گے۔

فوجی کونسل کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عبوری وزیرِاعظم کو مزید ایسے اختیارات تفویض کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کی جائے گی جو ان کے پیش رو اعصام الشرف کو حاصل نہیں تھے۔

اعصام الشرف نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا جس کےبعد ان کی حکومت تحلیل ہوگئی تھی۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ مصر پہ برسرِ اقتدار طاقت ور فوجی کونسل نے الشرف کی سربراہی میں قائم سابق حکومت کو کئی اختیارات سے محروم رکھا تھا۔

دریں اثنا وزیرِاعظم الغنزوری نے بدھ کو اپنی کابینہ کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جس میں موجودہ کابینہ کے کئی وزرا کو برقرار رکھا گیا ہے ۔ نئی کابینہ مصر میں جاری پارلیمانی انتخابات کی تکمیل تک حکومتی امور سرانجام دے گی جو آئندہ برس مارچ میں مکمل ہوں گے۔

وزیرِاعظم نے اپنی کابینہ میں خزانہ کی وزارت کے لیے ممتاز السعید کو وزیر نامزد کیا ہے جنہیں سابق آمر صدر حسنی مبارک کی فروری میں اقتدار سے رخصتی کے بعد ملک میں جاری احتجاج کے باعث متاثر ہونے والی معیشت کو دوبارہ پیروں پر کھڑا کرنے کی مشکل ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔

XS
SM
MD
LG