رسائی کے لنکس

کراچی میں پرامن اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید کا انعقاد


کراچی میں پرامن اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید کا انعقاد
کراچی میں پرامن اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید کا انعقاد

کراچی میں رمضان بھرجاری رہنے والی بدامنی کے بعد بدھ کوعید پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ کراچی باسیوں کے لئے یہ دن سخت قحط کے موسم میں بارش کی پہلی خوشگوار پھوار کی مانند تھا۔ شہر میں آج کوئی ناخوش گوار واقعہ بھی پیش نہیں آیا اور یوں عید کا دن پر امن طریقے سے گزر گیا۔

شہر میں دن کا آغاز ہوا نماز عید سے ۔ جس کے لئے شہر کی تمام مساجد ، امام بارگاہوں اور عید گاہوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ حالات کے پیش نظر انتظامیہ نے بھی سیکورٹی کے نہایت سخت انتظامات کئے تھے ۔پولیس اور رینجرز کی نفری عبادت گاہوں کے اردگرد موجود رہی اور شہر میں گزشت بھی جاری رہا۔

دنیا بھر سے عید الفطر کے مناظر:

شہر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے جن میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس آف امریکہ کے نمائندے سے کچھ لوگوں نے نہایتخوش دلی کے ساتھ تبادلہ خیال کیااور دونوں ممالک کے درمیان دیرنیہ اور دوستانہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ لوگوں کی اکثریت اس بات پر بھی خوش تھی کہ انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے اطمینان بخش انتظامات کئے گئے ہیں۔

شہریوں نے عید کی نماز میں شہر کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں امن و سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔ نماز کے بعد ایک دوسرے سے گلے ملنے اور عید کی مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوا۔ بعد ازاں دن بھر لوگوں نے اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقاتیں کیں، ایک دوسرے کے گھر گئے اور میٹھائیاں تقسیم کیں۔

بچوں کی عید دیدنی تھی۔ انہیں نے نئے کپڑے پہنے ، والدین سے عیدی وصول کی اور جی بھر کے جھولے جھولے۔ مرد و خواتین بھی سارا دن خوشگوار موڈ میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتی آتی رہیں۔ تاہم کوئٹہ میں آج پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے سبب لوگوں کے ذہنوں میں ایک انجانے خوف کے سائے محسوس ہوتے رہے۔ پھر جیسے جیسے دن ڈھلتا گیا ، اس خوف میں بھی کمی واقع ہوتی گئی۔

کل یعنی جمعرات کو عید کا دوسرا دن ہوگا ۔ اس دن کراچی کے بیشتر رہائشی سیر سپاٹے کی غرض سے نکلتے ہیں۔اس روز شہر کے تمام تفریحی مراکز خاص طور پر ساحلوں پر بہت رش ہوتا ہے۔ شہریوں کو امید ہے کہ آج ہی کی طرح کل کا دن بھی بے خوف اور پر امن طریقے سے گزرے گا۔

XS
SM
MD
LG