رسائی کے لنکس

پاکستانی ٹی وی اسکرین عید الاضحیٰ کے رنگوں سے سج گئیں


تفریحی چینلز کی بات دیگر ہے، نیوز چینلز پر بھی گائے، بھیڑ، اونٹ اور بکرے کی خریداری سے لیکر عید اسپیشل پکوان کے نسخوں اور ذائقوں تک کے نت نئے قصے سنائے جارہے ہیں

پاکستانی ٹی وی اسکرین عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی عید کے رنگوں سے سج گئی ہیں۔ شاید ہی کوئی چینل ایسا ہو جس نے عیدالاضحیٰ کے حوالے سے کوئی نہ کوئی پروگرام ترتیب نہ دیا ہو۔

تفریحی چینلز کی بات دیگر ہے، نیوز چینلز پر بھی گائے، بھیڑ ، اونٹ اور بکرے کی خریداری سے لیکر عید اسپیشل پکوان کے نسخوں اور ذائقوں تک کے نت نئے قصے سنائے جارہے ہیں۔

ان پروگراموں میں سب سے بڑا عنصر مزاح کا ہے مثال کے طور پر ’قصہ ایک گائے کا ۔۔۔‘ یہ دراصل ایک ٹیلی فلم ہے جسے دکھانے کی ذمے داری جیو ٹی وی نبھا رہا ہے۔

قصہ ایک گائے کا۔۔۔

’قصہ ایک گائے کا‘۔۔ چار بھائیوں کی کہانی جو اپنے ماہانہ اخراجات سے بچت کرکے عید پر قربانی کے لئے گائے خریدنا چاہتے ہیں۔ان بھائیوں میں سے ایک بھائی محبوب نئی پریشانی میں مبتلا ہے۔۔اور یہ پریشانی ہے میڑک کے امتحان کی ’سپلی‘ میں ہر قیمت پر کامیابی ۔۔۔ویسے بھی اس کے پاس میڑک پاس کرنے کا یہ آخری موقع ہے۔ ایسے میں وہ کن مسائل میں الجھتا اور سلجھتا ہے ۔۔اسی صورتحال کو مزاحیہ انداز ’قصہ ایک گائے کا‘میں پیش کیا گیا ہے۔

ٹیلی فلم عید کے پہلے دن یعنی جمعہ 25ستمبر کو آن ائیر ہوئی۔ پبلسٹی فرم ’پری جینسی‘ کی نگہت عزیز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ’قصہ ایک گائے کا‘ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر آصف رضا میر اور پروڈیوسرجاوید بابر ہیں، جبکہ کاسٹ میں فیصل قاضی، جیا خان اور دیگر شامل ہیں۔

روک دو شادی۔۔
ٹیلی فلم ’روک دو شادی‘ میں دو ایسے کزنر’جل ترنگ‘ اور’اچھی‘ کو دکھایا گیا ہے جو ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں۔تمام لوگ ان کی محبت سے بخوبی واقف بھی ہیں۔ کہانی میں اس وقت سسپنس آتا ہے جب دلہن بنی ایک لڑکی اچھی سے لفٹ لیتی ہے اور مرضی کے خلاف شادی روکنے کے لئے مدد طلب کرتی ہے۔

وہ لڑکی جس لڑکے سے محبت کرتی ہے ’جلترنگ‘ اور’اچھی‘ اس سے شادی کرانے میں اس کی مدد کرتے ہیں اور یوں ان کی لو اسٹوری کا انجام خوشگوار ہوتا ہے۔

روک دو کی کاسٹ نیلم منیر،علی شان اور دوسرے فنکاروں پر مشتمل ہے۔ ’روک دو شادی‘ ہفتہ 26 ستمبر کو یعنی عید کے دوسرے روز جیو ٹی وی سے ہی پیش کی جائے گی۔

نوک جھوک
آج کی تیز رفتار زندگی میں بہت سے گھروں میں بزرگوں کو اب وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو پہلے ہر گھر کا خاصا ہوتی تھی۔ یاسر رانا کی لکھی اور فرقان صدیقی کی پروڈیوس کردہ ٹیلی فلم ’نوک جھونک‘ اسی حساس موضوع کے گرد گھومتی ہے۔

اس کی کاسٹ میں سید محد، محمد شمیم، ماہم اور دیگر فنکار شامل ہیں۔’نوک جھونک‘ عید کے تیسرے دن یعنی اتوار27 ستمبر کو دکھائی جائی گی۔

XS
SM
MD
LG