رسائی کے لنکس

رواں سال ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانی حج ادا کریں گے


اس مرتبہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز اپنی مرضی سےحجاج کرام کو ’بارکوڈ‘ کے مطابق الاٹ کردہ عمارتوں کے علاوہ کسی اور عمارت میں رہائش فراہم نہیں کر سکتے

رواں سال، ایک لاکھ 80ہزار پاکستانی شہری حج ادا کریں گے، جبکہ ان میں سے 40ہزار عازمین براہ راستہ مدینہ پہنچیں گے۔

اس حوالے سے، بدھ کو باقاعدہ جدہ میں وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر سعودی وزیر حج ڈاکٹر بندر بن الحجاراور جدہ میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد نعیم خان اور قونصل جنرل آفتاب کھوکھر و دیگر اہم عہدیدار بھی موجود تھے۔

مقامی صحافی شاہد نعیم نے ’وائس آف امریکہ‘ کو معاہدے سے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مذہبی امور خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ معاہدے میں پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو پابند بنایا گیا ہےکہ وہ اپنی مرضی سےحجاج کرام کو ’بار کوڈ‘ کے مطابق الاٹ کردہ عمارتوں کے علاوہ کسی اور عمارت میں رہائش فراہم نہیں کر سکتے۔

معاہدے کے تحت گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستانی عازمین حج کو مشاعر میں ٹرین سروس فراہم کی جائے گی، جبکہ وہ بس سروس بھی استعمال کرسکیں گے۔

سید خورشید شاہ نے بتایا کہ پاکستان سے آنے والے عازمین کی درجہ بندی اس طرح کی جائیگی کہ ایک ہی پرواز میں صرف دو مکاتب کے عازمین کو سعودی عرب لایا جائیگا، جبکہ پہلے آٹھ دس مکاتب کے عازمین کو لایا جاتا تھا، جس سے گوناگوں مسائل پیدا ہو تے رہے۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ حج پروازیں سات ستمبر سے سعودی عرب آنا شروع ہوں گی، جبکہ خدام الحجاج اور میڈیکل ٹیم کے ممبران کی تعداد 1790 ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر حج سے مزید20 ہزار اضافی کوٹے کی درخواست کی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG