رسائی کے لنکس

انتخابی مہم زوروں پر، ریلی نکالنے پر عمران خان عدالت طلب


دہشت گردی کا نشانہ بننے والی ایم کیوایم اور اے این پی کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

ملک بھر میں امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم جاری ہے۔ کراچی میں امن وامان کی کشیدہ صورتحال کے باعث الیکشن کی روایتی رونقیں نظر نہیں آرہیں لیکن دہشت گردی کا نشانہ بننے والی ایم کیوایم اور اے این پی کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

بغیر اجازت ریلی
لاہور کی مقامی عدالت نے بغیر اجازت ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 30 اپریل تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈسٹرکٹ سیشن جج نذیر احمد گجیانہ کی عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ انتخابی مہم میں مصروف ہونے کی وجہ سے عمران خان کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

عدالت نے کہا کہ عدالت میں حاضری عمران خان کا فرض ہے چاہے وہ اتوار کو پیش ہوں۔ عبدالعلیم خان نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ عمران خان 30 اپریل سے پہلے ضرور عدالت میں پیش ہوں گے۔

ریٹرننگ افسران کی تبدیلی کیلئے دھرنا
سندھ کے علاقے رانی پور میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے این اے 216 خیرپور 2 کے ریٹرننگ افسران کی تبدیلی کیلئے رانی پور کے قریب شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کردیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ریٹرننگ آفیسر آفتاب احمد آرائیں، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر محمد عباس سیال، حبیب الرحمن جونیجو کو فوری طور پر ہٹایا جائے کیونکہ یہ ریٹرننگ افسران پی پی مخالفین کی مدد کر رہے ہیں۔

7 ممالک شارٹ لسٹ
الیکشن کمیشن نے 7 ممالک یعنی سعودی عرب، بحرین، عمان، کویت، آسٹریلیا، کینیڈا اور برطانیہ میں رہائش پذیر پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کیلئے شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ امریکا اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کوووٹ ڈالنے کی سہولت سے متعلق معاملات ابھی حل ہونا باقی ہیں۔

انتخابی جلسوں میں امیدواروں کی زبانی جنگ
الیکشن میں جلسے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور ان عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے اچھے اچھے لیڈر جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے۔ ایسا ہی دیکھنے میں آرہا ہے تمام بڑی جماعتوں کے جلسوں میں جہاں سیاسی جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے پر زبان کے وار کرنے میں مصروف ہیں۔ لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدرنوازشریف نے کہا کہ کھلاڑی اور مداری آپس میں ملے ہوئے ہیں، عوام کو اپنے مطالبات منظورکرانے کیلئے (ن) لیگ کو منتخب کرانا ہوگا۔

تحریک انصاف کے لیڈر عمران خان نے بھی اپنے حریفوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ مظفر گڑھ کے جلسے میں مسلم لیگ ن کے لیڈروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے پی ایم ایل ن کے رہنما شہباز شریف پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے انہیں ڈرامے باز قرار دیا اور مشورہ دیا کہ وہ فلموں میں اداکاری کریں۔ عمران کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر تھانہ، کچہری کا کلچر ختم کریں گے۔

انتخابی امیدواروں پر حملے جاری
مختلف شہروں میں انتخابی امیدواروں پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ کراچی کے علاقے لانڈھی میں اے این پی کے انتخابی امیدوار عبدالرحمن کی گاڑی پر کریکر سے حملہ کیا گیا۔ اے این پی کے رہنما تو بچ گئے تاہم ان کے بچے زخمی ہوگئے۔ ایک اور واقعہ ڈسٹرکٹ بولان کے علاقے مچھ میں پیش آیا جہاں جے یو آئی ف کے انتخابی امیدوار کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار سیکورٹی گارڈز زخمی ہوگئے۔
XS
SM
MD
LG