رسائی کے لنکس

انگلینڈ نے پاکستان کو 141 رنز سے ہرادیا


چار میچوں کی سیریزمیں انگلینڈ کو دو، ایک کی برتری حاصل ہوگئی ہے، لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں 330 اور ایجبسٹن ٹیسٹ میں 141 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ 11سے 15 اگست تک اوول میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دھوکا دے گئی اور انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 141رنز سے ہراکر سیریز میں دو، ایک کی برتری حاصل کرلی۔

ایجبسٹن ٹیسٹ کے آخری روز انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 343 رنز کا ہدف دیا لیکن پوری ٹیم 201 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

انگلش ٹیم نے آج 414 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی، بیرسٹو 82 اور معین علی 60 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ بیرسٹو انفرادی اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرکے سہیل خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

ٹیم کا اسکور جب 445 رنز پر پہنچا تو کپتان الیسٹر کک نے اننگز ڈکلیئر کردی اور یوں پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 343 رنز کا ہدف ملا۔ معین علی نے 86 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے محمد عامر، یاسر شاہ اور سہیل خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز ایک بار پھر مایوس کن رہا اور محمد حفیظ اسٹیورٹ براڈ کی گیند پر ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اظہرعلی اور سمیع اسلم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 73 رنز جوڑ کر ٹیم کو مشکل سے نکالا۔س موقع پر اظہر علی، معین علی کی گیند پر کک کو کیچ دے بیٹھے۔

یونس خان اس بار بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بناکر اینڈرسن کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس دوران مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے سمیع اسلم نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری مکمل کی۔

سمیع اسلم پاکستان کے پہلے جبکہ دنیا کے پانچویں کم عمر ترین اوپنر ہیں جنہوں نے میچ کی دونوں اننگز میں 50 یا اسے زائد رنز بنائے۔

پاکستان کا مجموعی اسکور 124 پر پہنچا تواس کے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین 23 گیندوں پرصرف ایک رنز کے عوض ایک کے بعد ایک پویلین لوٹ گئے۔ مصباح الحق 10 ، اسد شفیق اور سرفراز احمد صفر، صفر جبکہ سمیع اسلم 70 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 125 پر پاکستان کے سات کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

یاسرشاہ 7 اور محمد عامر16 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ دسویں وکٹ کی شراکت میں سہیل خان اور راحت نے 50 رنز بنائے۔ اس موقع پر سہیل خان معین علی کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

یوں پاکستان کی پوری ٹیم 210 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور انگلینڈ نے میچ بآسانی 141 رنز سے جیت لیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب انگلینڈ 103 رنز کے بڑے خسارے کے باجود پاکستان کو کسی ٹیسٹ میں شکست دی ہے۔

انگلینڈ کی طرف سے اسٹیورٹ براڈ، جیمس اینڈرسن، کرس ووکس، اسٹیون فن اور معین علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ معین علی کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آخری اسکور یہ رہا، انگلینڈ 297 اور445 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر۔ پاکستان 400 اور 201 رنز۔

چار میچوں کی سیریزمیں انگلینڈ کو دو، ایک کی برتری حاصل ہوگئی ہے، لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 75رنز سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ نے اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں 330 اور ایجبسٹن ٹیسٹ میں 141 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ 11سے 15 اگست تک اوول میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG