رسائی کے لنکس

انگلینڈ کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کا میزبان منتخب


دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ کا انعقاد جون 2019ء میں 10 مختلف شہروں میں کیا جائے گا جن کے ناموں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2019ء کے عالمی کرکٹ کپ کی میزبانی انگلینڈ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پیر کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں 2019ء کے ورلڈ کپ کی میزبانی ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کے لیے ایک اعزاز قرار دیا ہے۔

بیان کے مطابق دنیائے کرکٹ کے اس سب سے بڑے ایونٹ کا انعقاد جون 2019ء میں 10 مختلف شہروں میں کیا جائے گا جن کے ناموں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

'آئی سی سی' کے چیف ایگزیکٹر ڈیوڈ رچرڈسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انگلینڈ میں کئی اعلیٰ معیار کے کرکٹ گرائونڈ موجود ہیں جہاں کھلاڑیوں، آفیشلز اور تماشائیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔

کرکٹ کی جنم بھومی انگلینڈ اس سے قبل 1975ء کے پہلے ورلڈ کپ سمیت چار بار - 1979ء، 1983ء اور 1999ء میں بھی- ورلڈ کپ کی میزبانی کرچکا ہے۔

خیال رہے کہ آخری ورلڈ کپ 2011ء میں بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں ہوا تھا جب کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ 2015ء کے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کریں گے۔
XS
SM
MD
LG