رسائی کے لنکس

انگلش کرکٹ ٹیم کی طویل دورے پر بھارت آمد


انگلش ٹیم اپنے دورے کے دوران میں چار ٹیسٹ، دو ٹوئنٹی20 اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گی۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کپتان الیسٹر کک کی قیادت میں تین ماہ طویل دورے پر بھارت پہنچ گئی ہے۔

انگلش ٹیم پیر کی صبح بھارت کےشہر ممبئی پہنچی تو اس موقع پر شہر کے ہوائی اڈے اور مہمان ٹیم کی گزرگاہوں پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

انگلش ٹیم اپنے دورے کے دوران میں چار ٹیسٹ، دو ٹوئنٹی20 اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ مہمان ٹیم اپنے دورے کا آغاز تین وارم-اپ میچز سے کرے گی جس کے بعد 15 نومبر سے ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا۔

پہلے ٹیسٹ کی میزبانی بھارت کا شہر احمد آباد کرے گا جب کہ سیریز کے دیگر میچز ممبئی، کلکتہ اور ناگپور میں کھیلے جائیں گے۔ ٹوئنٹی20 سیریز کے پہلے میچ کی میزبانی پونا جب کہ دوسرے کی ممبئی کرے گا۔

دو حصوں میں ہونے والے اس دورے کے دوران میں انگلش ٹیم ٹوئنٹی20 سیریز کی تکمیل کے بعد کرسمس اور 'نیو ایئر' کی تعطیلات کے سلسلے میں وطن واپس آجائے گی اور بعد ازاں 3 جنوری کو دوبارہ بھارت لوٹے گی جہاں وہ 11 سے 27 جنوری تک پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

ان میچز کی میزبانی بالترتیب راجکوٹ، کوچی، رانچی، چندی گڑھ اور دھرم شالا جیسے نسبتاً چھوٹے شہروں کے حصے میں آئی ہے۔

یاد رہے کہ 2008ء میں ہونے والے ممبئی حملے کے بعد انگلش ٹیم کا بھارت کا یہ پہلا دورہ ہے۔ پانچ برس قبل ہونے والے اس دہشت گرد حملے کے وقت انگلش ٹیم ممبئی ہی میں موجود تھی اور انگلش کھلاڑیوں کو حملے کے بعد اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹنا پڑا تھا۔

دو دن اور تین راتوں تک جاری رہنے والے اس حملے میں مبینہ طور پر 10 دہشت گردوں نے شہر کے کئی مقامات کو نشانہ بنایا تھا جن میں 166 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
XS
SM
MD
LG