رسائی کے لنکس

ٹیسٹ میچ میں بھارت کی انگلینڈ کے خلاف کامیابی


بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے اپنے کیریئر کی سب سے بہترین باؤلنگ کی اور 74 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 95 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

بھارت کی انگلینڈ کی سر زمین پر 1986ء کے بعد سے یہ پہلی فتح ہے۔

پیر کو لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز انگلینڈ نے 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز 105 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو جو روٹ 14 اور معین علی 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔

دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 101 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کا اسکور 173 تک پہنچا دیا اور اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

لیکن بھارت کے فاسٹ باؤلر ایشانت شرما کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث انگلینڈ کے بلے باز اُن کا زیادہ دیر تک سامنا نہ کر سکے اور یوں پوری ٹیم 223 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے اپنے کیریئر کی سب سے بہترین باؤلنگ کی اور 74 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ محمد شامی اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ دونوں ٹیموں کے مابین 27 جولائی سے ساؤتھ ہیمپٹن میں شروع ہو گا۔

XS
SM
MD
LG