رسائی کے لنکس

انگلینڈ نے ایشز سیریز جیت لی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

براڈ نے اس میچ میں مجموعی طور پر نو وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو ایشز ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ میں ایک اننگز اور 78 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کر لی ہے۔

نوٹنگھم میں ٹرینٹ برج کے میدان پر کھیلے جانے والے چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہفتہ کو آسٹریلیا نے اپنی اننگز 241 رنز سات کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو آسٹریلوی بلے باز انگلش باؤلروں کا جم کر سامنا نہ کر سکے اور صرف 12 رنز کا ہی اضافہ کر کے پوری ٹیم 253 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی طرف سے وارنر 64 اور راجرز 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

انگلینڈ کی طرف سے اسٹوکس نے چھ، ووڈ نے تین اور براڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 60 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ نے جوئے روٹ کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر بڑی سبقت حاصل کر لی تھی۔

انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس 21 اوورز میں 36 رنز کے عوض چھ وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ وڈز نے تین اور پہلی اننگز میں آٹھ وکٹیں لینے والی سٹوئرٹ براڈ نے ایک وکٹ لی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کارڈف میں کھیلے گئے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 169 رنز سے شکست دی تھی تاہم لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 405 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔

برمنگھم میں کھیلے جانے والے تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر برتری حاصل کر لی تھی۔

ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ اوول میں 20 اگست کو کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG