رسائی کے لنکس

امیتابھ اورسری دیوی فلم ”انگلش ونگلش “ میں ایک مرتبہ پھر ساتھ نظرآئیں گے


امیتابھ اورسری دیوی فلم ”انگلش ونگلش “ میں ایک مرتبہ پھر ساتھ نظرآئیں گے
امیتابھ اورسری دیوی فلم ”انگلش ونگلش “ میں ایک مرتبہ پھر ساتھ نظرآئیں گے

بالی ووڈ میگا اسٹار امتیابھ بچن کوآپ جلد ہی نئی فلم ”انگلش ونگلش“ میں کام کرتا دیکھ سکیں گے۔ یہ وہی فلم ہے جس سے ماضی کی سپر اسٹار سری دیوی کی واپسی ہورہی ہے۔ اس سے قبل امتیابھ بچن اور سری دیوی فلم ” خداگواہ “ میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا ‘نے خبر دی ہے کہ فلم ”انگلش ونگلش “ کو ساوٴتھ انڈین فلم میکر آر بالاکرشنن کی اہلیہ گوری شندے ڈائریکٹ کررہی ہیں۔

امیتابھ اس سے قبل بالاکرشنن کے ساتھ فلم ”چینی کم “ اور ”پا“ میں کام کرچکے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گوری کے ساتھ کام کرکے خوشی محسوس کریں گے ۔ امیتابھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بالاکرشنن کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بالاکرشنن کی جانب سے کسی نئی فلم کی اسکرپٹ کے منتظر ہیں۔

امتیابھ نے ”انگلش ونگلش“ کے حوالے سے سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ ٹوئیٹر پر پیغام دیا ہے کہ بالاکرشنن کے ساتھ کام کرنا ان کے لئے خوشی کا باعث ہوگا ۔ انہوں نے بالاکرشنن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے جلد اسکرپٹ تیارکریں ۔

”انگلش ونگلش“ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی ایک عام گھریلو بھارتی عورت کی کہانی ہے جس کی کمزور انگلش کا سب مذاق اڑاتے ہیں ۔ بلاخر اس کی قسمت بدلتی ہے اور اسے انگریزی سیکھنے کے لئے امریکہ جانے کا موقع مل جاتا ہے۔

سری دیوی اور امیتابھ بچن نے 1992ء میں فلم ”خداگواہ“ میں ایک ساتھ کام کیا تھا ۔ سری دیوی جن کی مشہور فلموں میں ”چاندنی، ”مسٹر انڈیا “ اور ”صدمہ “ سرفہرست ہیں ، وہ 14 سال کی طویل مدت کے بعد اس فلم کے ذریعے ایک مرتبہ پھر اسکرین پر نظر آئیں گی۔

XS
SM
MD
LG