رسائی کے لنکس

چھوٹی فلم کا بڑا کمال : 'زندگی نہ ملے گی دوبارہ' کی دھوم مچ گئی


چھوٹی فلم کا بڑا کمال : 'زندگی نہ ملے گی دوبارہ' کی دھوم مچ گئی
چھوٹی فلم کا بڑا کمال : 'زندگی نہ ملے گی دوبارہ' کی دھوم مچ گئی
باکس آفس پر نئی بالی ووڈ فلم "زندگی نہ ملے گی دوبارہ" دھوم مچا گئی ہے۔ فلم کی پروڈیوسر زویا اختر کی خوش قسمتی ۔۔اس ہفتے کوئی بھی بڑی کاسٹ کی فلم 'زندگی نہ ملے گی دوبارہ' کے ساتھ میدان میں نہیں اتری اور یوں میدان زویا اختر نے مار لیا۔ فلم بینوں نے زیادہ تر اسی فلم کو ترجیح دی۔

فرحان اختر ، زویا اختر اور جاوید اختر کی ہوم پروڈکشن "زندگی نہ ملے گی دوبارہ " مصر، اسپین ،بھارت ، تھائی لینڈ اور کئی دیگر یورپی ممالک کی سرزمین پر بنی ہے ۔ رتیک روشن، فرحان اختر اور ابھے دیول کی اداکاری سے سجی اس فلم کی کہانی تین دوستوں ، کبیر(ابھے دیول) عمران (فرحان اختر ) اور ارجن( رہتک روشن)کے گرد گھومتی ہے۔ تینوں دوستوں کی الگ الگ کہانیاں ہیں۔

ابھے دیول اچانک نتاشا (کالکی کوچلین ) سے شادی کا فیصلہ کربیٹھتا ہے لیکن شادی سے پہلے بیچلر ٹرپ پر دنیا دیکھنے کا پروگرام طے پاجاتا ہے۔ تینوں دوست اپنی زندگی سے جڑے خوف دل سے نکالنے کے لئے اسپین جاتے ہیں ۔

اسپین کے سفر کے دوران زویا ختر بے حد خوبصورت اندار میں خوابوں کی طرح اسپین میں گھماتے ہوتے کہانی کو بھی آگے بڑھاتی ہیں۔ فلم میں پہلا موڑ تب آتا ہے جب ڈائیونگ انسٹرکٹر لینا (کترینا کیف) کی انٹری ہوتی ہے۔کترینا فلم کا سرپرائز آئٹم ہیں۔ جب بھی وہ اسکرین پر آتی ہیں فلم میں جوش سا بھر جاتا ہے اور جب وہ نہیں ہوتیں تو ان کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ ان کا رول چھوٹا ہے لیکن دلکش ہونے کی وجہ سے اچھا لگا ہے۔

تینوں دوست اسپین کے سفر کے ساتھ ساتھ کترینا کے ساتھ ہنسی خوشی میں وقت گزار کر اپنے اپنے اند ر چھپے خوف پر قابو پاتے چلے جاتے ہیں اور آخر میں اپنے ماضی سے بھی نجات پانے میں کامیاب ہوہی جاتے ہیں۔فلم میں اسپین کو بہت خوب صورتی سے پکچرائز کیا گیا ہے۔

رہت روشن نے پیسے کے پیچھے بھاگنے والے انسان کا کردار بے حد خوب صورتی سے نبھا یا ہے۔ مسخرے اور کالج کی زندگی کو نا بھلاسکنے والے عمران کے کردار میں فرحان اختر نے جان ڈال دی ہے۔

ابھے دیول کا کردار سنجیدہ اور فیملی ٹچ لئے ہوئے ہے ۔انہی کا کردار کہانی کو آگے بڑھاتا ہے۔کالکی اور نصیر الدین شاہ کا زیادہ رول نہیں ہے لیکن اپنی حد تک وہ اثر چھوڑ گئے ہیں۔ شنکر احسان لوئے کا میوزک "زندگی نہ ملے گی دوبارہ" اور اسپین کے ماحول کو جوڑ کر رکھتا ہے۔

"زندگی نہ ملے گی دوبارہ" کو سال دوہزار گیارہ میں اب تک ریلیز ہونے والی فلموں میں سب سے مہنگی فلم قرار دیاجارہا ہے۔گزشتہ جمعہ کو ریلیز کے ساتھ ہی اس نے بھارت کے علاوہ یورپ، مشرق وسطیٰ، افریقی ممالک، پاکستان، جاپان، افغانستان، تھائی لینڈ اور اسرائیل میں دھوم مچا دی ہے۔

فلم بھرپور انداز میں جینے کا سندیس دیتی ہے۔اگرچہ انٹرول کے بعد فلم تھوڑی لمبی اور اس کی رفتار کچھ سست ہوجاتی ہے لیکن مجموعی طور پر تفریح کی غرض سے اسے پورے خاندان کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
XS
SM
MD
LG