رسائی کے لنکس

پاکستانی فنکارعلی ظفر کی ’لندن پیرس ، نیویارک ‘ سمیت تین نئی فلمیں ریلیز کے لئے تیار


بالی ووڈ میں اس ہفتے ریلیز ہورہی ہیں تین نئی فلمیں۔ عرفان خان کی ”پان سنگھ تومر“ ،پاکستانی اداکار و گلورکارعلی ظفر کی ”لندن پیرس ، نیویارک “اور ٹی وی آرٹسٹ راجیو کھنڈیلوال کی پہلی فلم ” ویل یو میری می؟“
فلمی پردے پر نظریں جمائے رکھنے والے مبصرین کو امید ہے کہ ان تینوں فلموں میں سے ”پان سنگھ ۔۔۔“شاید کوئی کارنامہ انجام دے جائے ورنہ تینوں ہی فلمیں اوسط درجے کی ہیں۔ باکس آفس پر بھیڑ اکھٹی کرنے کا فارمولا کسی بھی فلم میں نظر نہیں آتا۔ ۔۔۔پھر بھی حتمی فیصلہ تو فلم بین ہی کریں گے۔
پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں کو ہی دیکھ لیں۔ اس ہفتے دو ایسی فلمیں ریلیز ہوئی تھیں ” جوڑی بریکر“ اور تیرے نال لو ہوگیا“جن کا کافی عرصے سے خبروں میں چرچا تھا ۔ ہر کسی کو امید تھی کہ ”جوڑی بریکر“ رتیش دیش مکھ اور جنیلیا ڈی سوزا کی فلم ”تیرے نال لو ہوگیا“ سے بازی لے جائے گی مگر ہوا اس سے مختلف۔
ممبئی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ”تیرے نال ۔۔“نے ایک ہفتے میں کمائے سات کروڑ پچاس لاکھ روپے جبکہ جوڑی بریکر نے کمائے سوا چھ کروڑ روپے۔ جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ گیپ بڑھتا ہی جارہا ہے۔
فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو ”تیرے نال لو ہوگیا “کی کامیابی یقینی ہوجائے گی جبکہ ”جوڑی بریکر“ کو اپنی بقا ء کے لئے جدوجہد کرنا پڑے گی۔

XS
SM
MD
LG