رسائی کے لنکس

غیر روایتی موضوعات پر 2012 کی کامیاب فلمیں


رواں سال بہت سے فلم میکرز نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیلنجنگ فلمیں بنائیں اور ثابت کر دکھایا کہ مناسب بجٹ کے ساتھ بھی کامیاب فلم بنائی جا سکتی ہے۔


کچھ کامیاب اور کچھ ناکام بالی ووڈ فلمو ں کو اپنے دامن میں سمیٹے سال 2012ء رخصت ہونے جارہا ہے۔ پورے سال کا جائزہ لیں تو معلوم ہوتاہے کہ اس سال روایتی فارمولا فلموں کے علاوہ کچھ فلمیں ایسے موضوعات پر بھی بنیں جن کے متعلق ابتداء میں عام رائے یہ تھی کہ یہ بری طرح ناکام ہوجائیں گی لیکن ہوا کچھ یوں کہ ذرا ’ہٹ‘ کے بنائی گئی فلموں کو بھی ہاتھوں ہاتھ لیاگیا اور یوں وہ باکس آفس پر ’ہٹ‘ ہو گئیں۔

رواں سال بہت سے فلم میکرز نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیلنجنگ فلمیں بنائیں اور ثابت کر دکھایا کہ مناسب بجٹ کے ساتھ بھی کامیاب فلم بنائی جا سکتی ہے۔ شائقین نے بھی ایسی فلموں کو کامیاب بنوا کر یہ بتا دیا کہ وہ غیر روایتی اور مصالحہ فلموں کے علاوہ بھی کچھ دیکھنا چاہتے ہیں بس شرط یہ ہے کہ وہ دل کو چھوتا ہو۔۔مثلاً ’برفی‘، ’کہانی‘اور ’وکی ڈونر‘ ایسی فلمیں ہیں جو کمرشل سینما کے نئے ٹرینڈ’ سو کروڑ‘ کے چکر میں پڑے بغیر ہی شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئیں اور منافع بخش بھی رہیں۔

بھارتی میگزین”انڈیا ٹو ڈے“ کے مطابق اس سال کچھ ایسی فلموں نے بھی باکس آفس پر خوب دھوم مچائی جو عوامی پسندیدگی کے ساتھ ساتھ بزنس کے لحاظ سے بھی ”ہٹ “ثابت ہوئیں ۔ مثلاً:

شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی
چالیس سال سے زیادہ عمر کے پارسی جوڑے کے رومانس سے سجی ہلکی پھلکی کہانی ” شیریں فرہاد کی تو نکل پڑی “کو ڈائریکٹ کیا تھا بیلا بھنسالی سہگل نے اور فلم کے ستارے تھے بومن ایرانی اور فرح خان۔ فلم نے باکس آفس پر پونے دس کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔ فلم کی خاص بات بڑی عمر کے افراد کا رومانس تھا، جسے لوگوں نے خوب پسند کیاورنہ بالی ووڈ فلمیں میں یہ چلن عام نہیں ہے۔

تلاش
ریما کاگتی کی فلم تلاش کے مرکزی کرداروں میں شامل تھے عامر خان، رانی مکھرجی اور کرینہ کپور۔ فلم کی کہانی لکھی تھی مشترکہ طور پر زویا اختر اور ریما کاگتی نے۔” تلاش“ ایسے پولیس افسر کی کہانی ہے جوایک سلیبرٹی کی پراسرار حالات میں ہونے والی موت کا کھوج لگاتا ہے۔ فلم نے پہلے ہی ہفتے 63کروڑ روپے کا ریکارڈ بزنس کیا۔ ہیرو کی منفی ذہنیت اس فلم کی خاص بات ہے۔

کہانی
ودیا بالن اور نوازالدین صدیقی نے ’کہانی‘ میں مرکزی کردار ادا کئے ۔ فلم ’کہانی‘ کی کہانی ایسی عورت کے گرد گھومتی ہے جوماں بننے والی ہے اور لندن سے اپنے گمشدہ شوہر کی تلاش میں کولکتہ آتی ہے۔سوجو گھوش، ریتیش شاہ اور سوتاپا سکدر اس فلم کے قلم کار ہیں۔ ’کہانی‘ کی خاص بات بغیر گانے کے سسپنس ڈرامہ اورحاملہ خاتون کا مرکزی کردار میں اسکرین پر آنا تھا۔

فراری کی سواری
راجیش ماپشکر کی فلم ’فراری کی سواری‘ نے باکس آفس پرتقریباً چودہ کروڑ روپے کا بزنس کیا۔وندوونود چوپڑا اور راجیش ماپشکر کی مل کر لکھی گئی کہانی میں لوئر مڈل کلاس کے ایسے باپ کو دکھایا گیا ہے جو اپنے بیٹے کے مشہور کرکٹر بننے کے خواب کو پورا کرنے کے لئے جدوجہد کرتا ہے۔ فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں شرمن جوشی اور بومن ایرانی۔باپ بیٹے کے رشتے کی سادہ سی کہانی اس فلم کی سب سے بڑی خاصیت ہے۔

پان سنگھ تومر
عرفان اور ماہی گل ”پان سنگھ تومر کے مرکزی ستارے ہیں۔ باکس آفس پر 39کروڑ روپے کمانے والی اس فلم کے کہانی کار ہیں تگمانشو دھلیااور سنجے چوہان۔ایتھیلیٹ سے ڈاکوبننے والے شخص کی کہانی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ڈرامے اور حقیقت کے درمیا ن توازن رکھا گیا ہے۔

شنگھائی
شنگھائی کی کاسٹ میں شامل ہیں عمران ہاشمی، ابھے دیول اور کالکی کوچلین ۔باکس آفس پر فلم نے21کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔ فلم میں ترقی کے نام پر ہونے والی کرپشن کو دکھایا گیا ہے۔ شنگھائی کی اسٹوری لکھی ہے دیباکر بینرجی ارمی جیوکرنے۔ یہوٴوٴ فلم یونانی ناول سے ماخوذ ہے۔خاص بات فلم کا اینٹرٹینگ ہونا ہے۔

انگلش ونگلش
گوری شندے کی فلم ”انگلش ونگلش“ سے طویل عرصے بعد واپسی ہوئی بالی وڈ کی مشہور ہیروئن سری دیوی کی ۔فلم کا اسکرپٹ مڈل کلاس ہاوٴس وائف سے متعلق ہے جو کمزور انگلش کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرتی ہے۔فلم کا منفرد پوائنٹ سری دیوی کی بے ساختہ اداکاری رہا۔

وکی ڈونر
جوہی چترویدی کی لکھی گئی کہانی سب سے مختلف ثابت ہوئی ۔ غیر معمولی سبجیکٹ کی اس فلم کا ہیرو پیشہ ور اسپرم ڈونر دکھایا گیا ہے۔ اوریہی بھارتی فلمی شائقین کے لئے ایک نیا اورمنفرد موضوع رہا۔

او مائی گاڈ
او مائی گاڈنے باکس آفس پر 86کروڑ کا بزنس کیا۔ بھویش منڈالیا اور عمیش شکلا نے فلم کی کہانی لکھی ۔ مرکزی کردار کانجی لال مہتا کاہے جو خدا کے وجود پر شاکی ہے ۔ فلم کی انفرادیت بھی یہی نقطہ ہے۔
XS
SM
MD
LG