رسائی کے لنکس

دپیکا اور کنگ خان ’چنائے ایکسپریس ‘ میں ایک ساتھ


فلم کی پہلی جھلک ہی شاہ رخ خان اور دپیکا کے پروانوں کو بھا گئی ہے۔ فلم میں پہلی مرتبہ دونوں فنکاروں نے ’لنگی‘ پہنی ہے

کنگ خان اور بالی وڈ بیوٹی دپیکا پڈکون کی نئی فلم ’چنائے ایکسپریس‘ کی پہلی جھلک نے ہلچل مچا دی ہے اور ریلیز سے پہلے ہی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر فلم کے چرچے شروع ہوگئے ہیں۔

روہت شیٹھی کی بنائی گئی اس رومینٹک اورایکشن فلم میں شاہ رخ اور دپیکا پڈکون ایک لمبے عرصے کے بعدایک ساتھ نظر آئیں گے۔دپیکا نے بالی وڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز2007ء میں شاہ رخ کی میگا ہٹ فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے کیا تھا۔اس فلم میں ان دونوں فنکاروں کی جوڑی کو بھی خوب سراہا گیا تھا۔

فلم کی پہلی جھلک ہی شاہ رخ خان اور دپیکا کے پروانوں کو بھاگئی ہے۔ فلم میں پہلی مرتبہ دونوں فنکاروں نے ’لنگی“ پہنی ہے ۔ اسے آپ دھوتی بھی کہہ سکتے ہیں۔ فلم کو جو پوسٹر ریلیز کیا گیا ہے اور میں بھی دونوں کو دھوتی پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ممبئی کی فلمی نگری سے خبریں دینے والی ایک ویب سائٹ ’یاہو انڈیا‘ کے مطابق پوسٹر دیکھ کر نوجوانوں کی باکس ’آفس یاترا ‘ کو پکا سمجھا جارہا ہے۔ پوسٹر شاہ رخ کے دیوانوں اور دپیکا کے پروانوں کو سینما گھروں تک لانے میں کافی اہم کردار اداکرے گا۔

اسی فلم سے ساوٴتھ انڈیا فلم انڈسٹری کے مشہور ایکٹر ستیہ راج بالی وڈ میں قدم رکھ رہے ہیں ۔ وہ فلم میں دپیکا کے والد کا کردار اداکررہے ہیں۔ ڈائریکٹر روہت شیٹھی کہتے ہیں کہ ’چنائے ایکسپریس‘ مکمل طورپر کمرشل فلم ہے جس میں رومینٹک اینگل بھی شامل ہے۔ روہت اور شاہ رخ پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔

چنائے ایکسپریس‘ کی کہانی ایک ایسے آدمی سے جڑی ہے جو ممبئی سے رمیش ورم جارہا ہے ۔ اس سفر کے دوران اس پر کیا گزرتی ہے یا وہ کن حالات سے گزرتا ہے یہی کچھ دکھایا گیا ہے اس فلم میں۔

دپیکا پڈکون کو بالی وڈ کی سب سے ’محنتی ‘ ہیروئن سمجھا جاتا ہے ۔وہ ’نان اسٹاپ‘ کام کرنے کی عادی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ کام کے بارے میں ان کے آئیڈیل امیتابھ بچن ، شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان ہیں جن کی اپنے کام کے ساتھ ’کمٹمنٹ‘ بہت گہری ہے۔

گلیم شیم ڈاٹ کام‘ کے مطابق دپیکا بھی اپنے آئیڈئلز کے نقش قدم پر چل رہی ہیں یہاں تک کہ تہواروں پر بھی وہ شوٹنگ میں مصروف ہوتی ہیں۔’چنائے ایکسپریس‘ کے ساتھ ساتھ دپیکا نے سنجے لیلا بنسالی کی فلم ’رام لیلا‘ میں بھی جم کر کام کیا ۔۔۔اور اتنی مصروفیات کے باوجود وہ فلم ’ریس ٹو‘ کی پروموشن بھی بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہیں۔
XS
SM
MD
LG