رسائی کے لنکس

نازیہ حسن کا گانا ” ڈسکو دیوانے“ کرن جوہر کی نئی فلم میں شامل


ڈسکو دیوانے
ڈسکو دیوانے

نازیہ نے ایک طرف تو اس گانے کے ذریعے شہرت کی نئی بلندیوں کو چھوا تو دوسری طرف پاکستانی پاپ انڈسٹری کو ایک نیا ٹرینڈ اور نئی شناخت بھی دی

پاکستانی پاپ آئیکون نازیہ حسن کے شہرہ آفاق گانے ’ڈسکودیوانے‘ کی مقبولیت آج بھی پہلے روز کی طرح ہی برقرار ہے، اور یہ اُسی شہرت کی کشش ہے کہ بالی وڈ میگا ہٹ ڈائریکٹر کرن جوہر نے اس گانے کو اپنی اگلی فلم’ ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر“ کا حصہ بنا لیا ہے۔

ہلا گلا، موج مستی اوراسٹوڈنٹ لائف کے ہنگاموں سے بھرپور فلم کو کامیاب بنانے کے لئے کرن جوہر کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے اور اِسی لئے اُنہوں نے نازیہ حسن کی سریلی آواز اورفاسٹ میوزک سے سجے ’ڈسکو دیوانے ‘ کا انتخاب کیا جو آج بھی سننے والوں کو اپنادیوانہ بنالیتا ہے۔

نازیہ حسن نے 80ء کی دہائی میں بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا ۔ اس دور کے مشہور و معروف ڈائریکٹر فیروز خان کی فلم ’ قربانی ‘ کے لئے صرف پندرہ سال کی عمر میں گائے گئے اُن کے گانے ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘ نے ریلیز ہوتے ہی تہلکہ مچا دیا۔ کراچی ،ممبئی ، لندن اور امریکہ سمیت ہر جگہ جہاں اردو اور ہندی بولنے اور سمجھنے والے موجود ہیں ،یہی گانا سنائی دیتا تھا۔

نازیہ اِس گانے کے لئے بہترین پلے بیک سنگر کا ”فلم فئیر ایوارڈ“ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ بن گئیں۔ یہی نہیں بلکہ وہ یہ ایوارڈحاصل کرنے والی سب سے کم عمر شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہیں۔

سنہ 1981ء میں نازیہ کے ایک اور گانے ’ ڈسکو دیوانے ‘ نے ایک بار پھر کئی نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ گلی گلی اور بچے بچے کی زبان پر بس یہی گانا سنائی دیتا تھا ۔ نازیہ نے ایک طرف تو اس گانے کے ذریعے شہرت کی نئی بلندیوں کو چھوا تو دوسری طرف پاکستانی پاپ انڈسٹری کو ایک نیا ٹرینڈ اور نئی شناخت بھی دی ۔

انگریزی ویب سائٹ”ایمریٹس ٹوئنٹی فور سیون“ کے مطابق ’ریلیز ہوتے ہی ’ڈسکو دیوانے‘ چودہ ملکوں کے ٹاپ میوزک چارٹس میں آ گیا اوراس نے بیسٹ سیلنگ ایشین ریکارڈ کا اعزاز حاصل کیا۔اِس گانے نے ساوٴتھ ایشیا میں فروخت کے ریکارڈ ہی قائم نہیں کئے بلکہ پوری میوزک انڈسٹری کو اچھوتا اور منفرد انداز بھی دیا۔صرف ممبئی میں ریلیز کے دن ہی اس گانے کی ایک لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں جس نے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔

نازیہ کے اس گانے کو اب نئے انداز میں پلے بیک سنگر سنیدھی چوہان کی آواز میں ریکارڈ کیا گیاہے۔ اوریجنل گانے کے بعض حصوں کو جوں کا توں رکھا گیا ہے جو نازیہ حسن کی ہی آواز میں ہیں ۔

کرن جوہر خود بھی اس گانے کو لے کر کچھ کم پرجوش نہیں ۔” ٹوئٹر“ پراپنے ٹوئٹ میں کرن نے اپنے جذبات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا ہے:”’آپ نے یہ گانا سنا ہے۔۔ تو پھر دیر کس بات کی ۔۔۔ ہاتھ فضا میں بلند کریں اور گانا شروع کردیں ’ ’ڈسکو دیوانے۔۔۔آہا‘۔۔۔“

کرن جوہر اور انکی ٹیم کو یقین ہے کہ ڈسکو دیوانے میوزک چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کرلے گا۔ انھوں نے بتایا کہ فلم کے چھ ٹریکس میں سے ڈسکو دیوانے پہلے نمبر پر ہوگا۔

اگلے ماہ یعنی 19 اکتوبر میں ریلیز ہونے والی فلم کی مر کزی کاسٹ میں زیادہ تر نئے اورنوجوان اداکارہیں جن میں ڈائریکٹر ڈیوڈ دھون کے صاحبزادے ورون دھون ،مہیش بھٹ کی صاحبزادی عالیہ بھٹ اور بومن ایرانی کے صاحبزادے کیوزی ایرانی شامل ہیں۔

فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی کرن جوہر کی کالج لائف پر بنائی گئی فلم’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی بے مثال کامیابی کی طرح ’اسٹوڈنٹ آف دی ائیر ‘بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے گی۔
XS
SM
MD
LG