رسائی کے لنکس

آئٹم سانگ کی طرح ہرجگہ دھوم مچانے والے ۔۔'ٹاپ 10 ٹپوری گیت'


آئٹم سانگ کی طرح ہرجگہ دھوم مچانے والے ۔۔'ٹاپ 10 ٹپوری گیت'
آئٹم سانگ کی طرح ہرجگہ دھوم مچانے والے ۔۔'ٹاپ 10 ٹپوری گیت'

بالی ووڈ کی اکثر فلموں میں ایک کردار دکھایا جاتا ہے جسے ممبئی کی مقامی زبان میں’ ٹپوری ‘ کہتے ہیں۔' ٹپوری' سے مراد گلی محلوں میں بے مقصد گھومنے ، بات بے بات دوسروں سے لڑائی جھگڑا کرنے اور مخصوص انداز میں عوامی زبان بولنے والے اور بے روک ٹوک گالیاں دینے والے نوجوان سے لی جاتی ہے۔ اس کا حلیہ ، چال ڈھال اور رہنا سہنا بھی عام لوگوں سے مختلف ہوتا ہے۔وہ شراب ، ڈانس ، مستی ، گانے بجانے، بدمعاشی اور ناجائز دھندے کا شوقین ہوتا ہے۔
پچھلے کچھ برسوں سے ٹپوری کے کردار والی فلمیں مسلسل بن رہی ہیں جن میں بڑے بڑے فنکاروں نے ٹپوری کا کردار ادا کیا ہے مثلاً سلمان خان، سنجے دت، انیل کپور، وویک اوبرائے، عامر خان، ارشد وارثی اور شاہ رخ خان۔ ان 'ٹپوری ہیروز ' پر ٹپوری انداز کے ہی انگنت گانے بھی پکچرائز ہوچکے ہیں۔ آیئے آج ان ٹپوری گیتوں کا تذکرہ کیا جائے جو آئٹم سانگز کی طرح اپنے اپنے دور میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے:
’سارے کہتے ہیں ہمیں ۔۔۔ٹپوری‘
فلم "باغی "کے اس گانے کو اگر ٹپوری گانوں کا' جنم داتا' کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ اس گانے نے سلمان خان کی شہرت کو کہیں سے کہیں پہنچا دیا۔ اس کے بعد تو گویا سلمان خان اور ٹپوری گیت ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزم ہوگئے۔ اس گانے کے بعد متعدد فلموں میں سلمان کو پٹوری گانوں کا موقع ملا مگرجو انفرادیت اس گیت میں ہے وہ اپنی جگہ اٹل ہے۔
’اے گنپت جا دارو ۔لا۔۔۔‘
وویک اوبرائے اور تشار کپور پر پکچرائز ہونے والا یہ گانا دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ گانے میں چونکہ ممبئی کی ٹکسالی زبانی کے الفاظ بھی روانی سے استعمال ہوئے ہیں لہذا لوگوں میں اسے خوب پذیرائی ملی۔
’میرا نام ہے لکھن ۔۔۔‘
یہ ممبئی طرز کا ایک اور سپر، ڈوپر ٹپوری گیت ہے ۔ گھر گھر سنا گیا، خوب دھوم مچائی ۔ اسی گانے نے انیل کپور کو' ممبئی یا' ٹپوری' ٹریڈ مارک' بنادیا ۔
’یارو سن لو ذرا۔۔‘
عامر خان اور ارمیلا کا یہ گیت ایک ٹرینڈ سیٹلر ثابت ہوا۔ اسے لوگوں نے اپنی حقیقی زندگی میں جگہ دی اور ہر کوئی ممبئی کی گلیوں میں عامر خان جیسے کپڑے پہنے اور' منا 'کی زبان بولتے نظر آیا۔
’ایم۔۔ بولے تو ماسٹر، بی۔۔ بولے تو بنداس ڈاکٹر۔۔‘
’منا بھائی ایم بی بی ایس ‘کا یہ گانا سنجے دت کو پکا ٹپوری بناگیا ۔ سنجے دت کا سیٹ کردہ ٹپوری اسٹائل منفرد ثابت ہوا۔ بالی ووڈ فلموں کو 'منا بھائی' نے نئے اسٹائل کا ٹپوری دیا۔
’دیکھا تجھے تو دل میں بجی گٹار۔۔‘
’دل میں بجی گٹار۔۔‘اپنی انوکھی موسیقی اور مزاحیہ شاعری کی وجہ سے راتوں رات شہرت کی سیڑھیاں چڑھا۔ رتیش دیش مکھ نے اسی گانے کے ذریعے کوئینا مترا کو اپنے ساتھ شادی پر آمادہ کیا۔ اسے دیکھ کر تو گویا ہزاروں بھارتی نوجوان جنونی ہوگئے۔ اور اس جنون میں انہوں نے وہی کچھ کیا جو فلم میں ہیرو نے کیا تھا۔
’اے کیا بولتی تو، آتی کیا کھنڈالا۔۔۔‘
عامر خان اور رانی کے ساتھ ساتھ کھنڈالا کی شہرت بھی اسی گیت کے ذریعے ہوئی۔ گانے سے پہلے شاید بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ کھنڈالا کیا ہے اور کہاں ہے جبکہ گانے کی شہرت کے بعد ہر کوئی کھنڈالا سے واقف ہوگیا۔ ٹپوری زبان کے اسٹائل میں بننے والے اس گیت نے شہرت کی ایسی بلندیاں حاصل کیں کہ فلم ہٹ ،سپر ہٹ ہوگئی اور گانا پوری دنیا میں ڈوپر ہٹ۔وٴوٴ
’گولی مار وبھیجے میں۔۔کہ بھیجا شور کرتا ہے ‘
’گولیمار ۔۔‘نے تو گویا ممبیا طرز اور عوامی زبان کونئی دیوانگی بخش دی۔ اس گیت کو فلم ستیا میں منجو باجپائی اور سوربھ شکلا پر پکچرائز کیا گیا تھا۔
’چاندی کی ڈال پر سونے کا مور ۔۔۔‘
سلمان اور رانی پر پکچرائز ہونے والا ایک اور مشہور ٹپوری گیت جو فلم ’ہیلو برادر‘ سے ہے۔ بھارتی تہوار جنم اشٹمی کے موقع پر ہر سال یہ گیت گلی گلی سنائی دیتا ہے اور اس گانے کی شہرت آج بھی کم نہیں ہوئی۔
’چلتی ہے کیا نو سے بارہ۔۔۔‘
سلمان خان کا ایک اور ٹپوری گیت جس نے ہر جگہ شہرت پائی۔ عوام کے دلوں میں گھر بنایا اور آج بھی جب کہیں اس کی دھن بجتی ہے سننے والے کے پیر اور ہاتھ خو د بخود ردم میں آجاتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG