رسائی کے لنکس

'مرڈر2 '، قابل اعتراض فلم کے ساتھ مہیش بھٹ پھر خبروں میں


'مرڈر2 '، قابل اعتراض فلم کے ساتھ مہیش بھٹ پھر خبروں میں
'مرڈر2 '، قابل اعتراض فلم کے ساتھ مہیش بھٹ پھر خبروں میں

مہیش بھٹ بالی ووڈ فلموں کی ایک ایسی شخصیت ہیں جنہیں بخوبی اس بات کا علم ہے کہ اپنی پروڈکٹ کو زیادہ سے زیادہ کس طرح بیچا جاسکتا ہے۔ انہیں خبروں میں بھی رہنا آتا ہے۔ ان دنوں بھی مہیش بھٹ اپنی آنے والی فلم ’مرڈر ٹو‘ کے حوالے سے خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ’مرڈر ٹو‘کے بارے میں کہاجارہا ہے کہ یہ فلم اپنے پہلے سیکوئل سے بھی زیادہ ’قابل اعتراض‘ ہوگی۔

مہیش بھٹ نے اس فلم کے بارے میں بیان دیا ہے کہ ان کا فلم کے ڈائریکٹر موہت پوری کے ساتھ پوسٹر پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ مہیش کا کہنا ہے کہ وہ جس پوسٹر کو مین پوسٹر کے طور پر متعارف کرانا چاہتے ہیں، موہت اس سے انکاری ہیں۔

اس تنازع کو ختم کرنے کے لئے مہیش بھٹ نے ایک منفرد طریقہ تلاش کیا ہے۔ انہوں نے سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ 'فیس بک' پر عام ناظرین کے لئے فلم کے پانچ پوسٹر اپ لوڈ کئے ہیں جن کے ساتھ وزیٹرز کے لئے ایک پیغام بھی درج ہے جس میں لکھا ہے کہ آپ کے خیال میں کس پوسٹر کو فلم کا مین پوسٹر ہونا چاہئے۔ جس پوسٹر کے بارے میں زیادہ رائے موصول ہوگی اسے ہی فلم کا مین پوسٹر بنایا جائے گا۔

فلم کے پوسٹر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم بہت حد تک 'قابل اعتراض' ہوگی۔ فلم کے ہیرو، مہیش کے پسندیدہ اداکار عمران ہاشمی ہیں جن کے ساتھ جیکلین ڈی سوزا ہیں۔ مہیش بھٹ کے اس پیغام کو پڑھ کر اور فلمی پوسٹر دیکھنے کے بعد فلم بینوں میں فلم سے متعلق تجسس بڑھ گیا ہے ۔

مہیش کی اس ترکیب سے نہ چاہتے ہوئے بھی بے شمار وزیٹرز نہ صرف ویب سائٹ وزٹ کررہے ہیں بلکہ وہ خود کو ذہنی طور پر فلم دیکھنے کے لئے بھی آمادہ کررہے ہیں۔ اسے کہتے ہیں ایک تیر سے دو شکار!!! ایک طرف لوگوں کو لگے گا کہ پوسٹر ان کا تجویز کردہ ہے تو دوسری جانب ان کے تجسس سے بلاشبہ فلم کو ہی سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا۔

XS
SM
MD
LG