رسائی کے لنکس

2013ء میں آنے والی نئی فلمیں، نئی جوڑیاں


بدلتے زمانے کے ساتھ فلمی ٹرینڈز بھی تبدیل ہو رہے ہیں اور فلمی جوڑیوں کو لے کر بھی فلم میکرز نت نئے تجربات کر رہے ہیں اور ایسی جوڑیاں بنارہے ہیں، جن کا بظاہر کوئی ’جوڑ‘ نظر نہیں آتا

بالی وڈ میں بننے والی فلموں کی ایک بڑی کشش سلور اسکرین پر نظر آنے والی جوڑیاں بھی ہوتی ہیں جو فلم بینوں کو مقناطیس کی طرح سینما گھروں تک کھینچ کر لے آتی ہیں۔ امیتابھ اورریکھا سے لے کر شاہ رخ اور کاجول تک بالی وڈ میں کئی ایسی یادگار فلمی جوڑیاں بنیں جنھوں نے فلم کو میگا ہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بدلتے زمانے کے ساتھ فلمی ٹرینڈز بھی تبدیل ہورہے ہیں اور فلمی جوڑیوں کو لے کر بھی فلم میکرز نت نئے تجربات کر رہے ہیں اور ایسی جوڑیا ں بنا رہے ہیں جن کا بظاہر کوئی ’جوڑ‘ نظر نہیں آتا۔

آئیے نظر ڈالتے ہیں 2013ء میں ریلیز ہونے والی کچھ فلموں کی ایسی ہی ’غیر معمولی‘ جوڑیوں پر جن کے بارے میں بقول ”یاہوانڈیا“۔۔ فلمی پنڈتوں کا خیال ہے کہ وہ اپنے ’منفرد اسٹائل ‘ سے دیکھنے والوں کو ضرور متاثر کریں گی۔

انکار

ڈائرکٹر سدھیر مشرا کی فلم ’انکار‘ کے ہیرو ہیں ارجن رام پال اور ان کی ہیروئن ہیں چترگندھا۔ اس جوڑی کو سال کی سب سے ’ہٹ اینڈ ہاٹ ‘جوڑی قرار دیا جا رہاہے۔’انکار‘ ان حربوں کی کہانی ہے جو ترقی کرنے کے لئے عام زندگی میں خاص کر دفاتر میں استعمال کئے جاتے ہیں۔

زنجیر

امیتابھ بچن کی سپر ہٹ فلم ”زنجیر “ کے ری میک میں پریانکا چوپڑہ بنی ہیں ہیروئن رام چرن کی ۔ امیتابھ بچن کی یہ تیسری فلم ہے جس کے ری میک میں پریانکا ہیروئن کا کردار نبھا رہی ہیں۔ اس سے قبل ”ڈان“ اور ”اگنی پتھ“ کی ہیروئن بھی پریانکا ہی تھیں۔

ہمت والا

ری میک کا فیشن چل ہی رہا ہے تو اجے دیوگن نے سوچا کہ ایک ری میک میں کام کرکے وہ بھی اپنی’ ہمت‘ آزما ہی لیں سو وہ’ ’ہمت والا“ کے ری میک میں تمنا بھاٹیہ کے ساتھ جوڑی بناتے دکھائی دیں گے۔ چونکہ فلم ساجد خان پروڈکشن کی پیشکش ہے تو ظاہر ہے فلم کی خاص بات ’کامیڈی‘ ہی ہو گی۔

لٹیرا

بالی وڈ کے ہینڈ سم ہیرو۔۔رنویر سنگھ اور ہزاروں پرستاروں کے دل کی دھڑکن سوناکشی کی جوڑی دیکھنے کو ملے گی وکرم ادتیہ موٹوانی کی فلم” لٹیرا“ میں۔ فلم مشہور امریکی قلم کار او ہنری کی کہانی ’دی لاسٹ لیف‘ پر بیس کر تی ہے۔

دھوم تھری

باربی ڈول کترینہ کیف نے بالی وڈ کے سب ’خانوں ‘ کے ساتھ کام کیا سوائے ایک کے۔۔ اور وہ ہیں عامر خان۔ کترینہ کا یہ خواب کہ وہ تمام خانوں کے ساتھ کام کرنے والی ہیروئن کا اعزاز حاصل کرلیں پورا ہونے والا ہے کیونکہ وہ بھی حصہ ہیں ’دھوم تھری‘ کی کاسٹ کا جس میں عامر خان بھی ہیں۔ فی الحال یہ کہنا مشکل ہے کہ کترینہ فلم میں عامر کی ہیروئن ہو ں گی یا نہیں کیونکہ عامر’ دھوم تھری‘ میں ’ہیرو‘ نہیں بلکہ ’ولن‘ ہیں۔

پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو

راج کمار سنتوشی کی بالی وڈ میں طویل عرصے بعد واپسی ہو رہی ہے ۔ ان کی آنے والی فلم ’پھٹا پوسٹر نکلاہیرو‘ کے ہیرو اور ہیروئن ہیں شاہد کپور اور علینا ڈی کروز ۔”برفی “میں خوبصورت اداکاری کے ذریعے لوگوں کے دل جیت لینے والی علینا اس بار بھی اپنی بہترین پرفارمنس دیں گی ۔

مترو کی بجلی کا من ڈولا

عمران خان اور انوشکا شرما کی جوڑی تیار ہے اپنے چاہنے والوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے وشال بھرتواج کی فلم ’مترو کی بجلی کا من ڈولا‘ میں ۔ فلم کی جھلکیا ں دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ فلم عمران اور انوشکا کے چاہنے والوں کے لئے نئے سال کا تحفہ ثابت ہو گی۔
XS
SM
MD
LG