رسائی کے لنکس

” میں بالی وڈ میں دلچسپی رکھتا ہوں۔ بہت سی فلموں کی آفرز بھی آئیں لیکن میرا نہیں خیال کہ میں ایکٹنگ کرسکتا ہوں۔ میری پہلی محبت کرکٹ ہے اور اگر کرکٹ کے حوالے سے کسی شو کی میزبانی کرنے کو ملے تو ٹھیک ہے۔ “

کرکٹ کے میدان میں 100 میل فی گھنٹہ سے بھی زیادہ رفتار سے گیند کرا کے بیٹسمینوں کو ڈرانے والے پاکستانی فاسٹ بولر، شعیب اختر کا کہنا ہے کہ ’انڈین لڑکی سے شادی کرنے میں کیا حرج ہے۔ ویسے بھی، آپ کا ہمسفر کب اور کہاں ملے جائے، کسی کو پتا نہیں ہوتا۔۔‘

اُنھوں نے اِن خیالات کا اظہار بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ سے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

شعیب اختر سے جب یہ سوال کیا گیا کہ آپ بالی وڈ فلموں میں کام کرنا پسند کریں گے، تو اُن کا کہنا تھا: ’میں بالی وڈ میں دلچسپی رکھتا ہوں۔ بہت سی فلموں کی آفرز بھی آئیں۔ لیکن، میرا نہیں خیال کہ میں ایکٹنگ کرسکتا ہوں۔ میری پہلی محبت کرکٹ ہے اور اگر کرکٹ کے حوالے سے کسی شو کی میزبانی کرنے کو ملے تو ٹھیک ہے۔‘

شعیب نے بتایا کہ جب وہ پاکستان کی طرف سے کھیل رہے تھے تو ان کی زندگی پر کسی نے فلم بنانے کی پیشکش کی تھی، لیکن وہ اتنے مصروف تھے کہ اس پراجیکٹ کے لئے وقت نہ نکال سکے۔

جب شعیب اختر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کسی بھارتی لڑکی سے شادی کریں گے، تو اُنھوں نے جواب دیا: ’کیوں نہیں۔۔ آپ کا ہمسفر کب، کہاں مل جائے، کسی کو پتا نہیں ہوتا۔۔‘

شعیب اختر انڈین ٹی وی شو میں کام کریں گے

شعیب جس قدر پاکستان میں مقبول ہیں، اُسی قدر بھارت میں بھی سب اُنھیں پہچانتے ہیں۔ اِسی پہچان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اُنھیں ایک ٹی وی شو کی انتظامیہ نے کام کی پیش کش کی ہے۔ جس کے تحت وہ بہت جلد ٹی وی کے ٹیلنٹ رئیلٹی شو کے خصوصی ’ایپی سوڈ‘ میں نظر آئیں گے۔۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے باخبر جج کے روپ میں۔‘

بھارتی ویب سائٹ ’انڈیاٹوڈے‘ نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’راولپنڈی ایکسپریس‘ نے رئیلٹی شو ’انٹرٹینمنٹ کے لئے کچھ بھی کرے گا‘ میں بالی وڈ میگا اسٹارز میوزک ڈائریکٹر انو ملک اور کوریوگرافر فرح خان کے ساتھ جج کے فرائض انجام دئیے؛ اور نوجوانوں کی پرفارمنسز کو جی بھر کر انجوائے کیا اور کھل کر ان کے ٹیلنٹ کی تعریف بھی کی۔

دنیا کے تیزترین باوٴلر کا کہنا تھا کہ انو ملک اور فرح خان کے ساتھ بہت مزہ آیا۔ نوجوانوں کے ٹیلنٹ نے مجھے حیران کردیا۔

’انٹرٹینمنٹ کے لئے کچھ بھی کرے گا‘ بین الاقوامی شہرت یافتہ امریکی شو ’تھرٹی سکینڈز ٹو فیم‘ کی طرز پر بنایا گیا ہے، جو 12 مئی سے دکھایا جائے گا۔ لیکن، شعیب اختر والی خصوصی ’ایپی سوڈ‘ کب آن ائیر ہوگی، اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
XS
SM
MD
LG