رسائی کے لنکس

بالی وڈ کے بہت سے ایسے جوڑے ہیں جنہوں نے عشق تو کیا چوری چوری مگر پھر بھی افسانے بن گئے ۔افسانے بھی ایسے غمزدہ کہ دیکھنے والے بھی افسردہ ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔

سلور اسکرین پر ایک دوسرے کے لئے دم بھرتے اور محبت میں ساتھ جینے مرنے کی قسمیں کھانے والے بالی ووڈ فنکارآف اسکرین بھی ایک دوسرے سے محبت کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ ۔۔لیکن یہ بات اور ہے کہ ان کا ملاپ اور جدائی میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بنی اورہر خاص و عام کی گفتگو کا چٹخارے دار موضوع بھی۔

کہتے ہیں کہ عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے ۔ بالی وڈ کے بہت سے ایسے جوڑے ہیں جنہوں نے عشق تو کیا چوری چوری مگر پھر بھی افسانے بن گئے ۔افسانے بھی ایسے غمزدہ کہ دیکھنے والے بھی افسردہ ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ ایک مشہور ویب سائٹ ”یاہو انڈیا “ نے نئی نسل کے کئی فنکاروں کے ملاپ اور جدائی کے قصے بیان کئے ہیں ۔ ان قصوں کے چند اقتباسات درج ذیل ہیں :

سلمان خان اور ایشوریہ رائے
ان دونوں کے عشق کے قصے فلم ”ہم دل دے چکے صنم“ کی فلمبندی کے دوران ہی زبان زد عام ہونے لگے تھے ۔فلم والوں کو بھی اس جوڑے سے ہمدردی تھی۔فلم دیکھنے والے بھی دونوں کے ملاپ کے حق میں تھے لیکن پھر اچانک دونوں کی محبت میں دراڑ آگئی۔ ۔۔اور دیکھتے ہیں دیکھتے دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔

سلمان خان اور ایشوریہ رائے کے بریک اپ کو بالی وڈ کا ا ب تک کا سب سے افسوسناک بریک اپ سمجھا جاتا ہے۔اس بریک اپ کی وجہ بنا سلمان خان کا جارحانہ رویہ۔ایشوریہ کے سیٹس پر پہنچ کام میں دخل دینا، لوگوں سے جھگڑنا ، حتی کے ایشوریہ کو زد و کوب کرنے جیسی باتوں کا انجام یہ نکلا کہ دونوں دور ہوتے چلے گئے۔

ایشوریہ نے وویک اوبرائے سے دوستی کرکے اپنا غم غلط کرنے کی کوشش کی تو سلمان کترینہ کیف کی دوستی کا دم بھرنے لگے۔بات اتنی بڑھی کے سلمان اور وویک اوبرائے ایک دوسرے سے سرعام جھگڑ بھی پڑے لیکن ایشوریہ نے اس صورتحال میں وویک کا ساتھ دینے کے بجائے جونئیر بچن سے شادی کرلی اور وویک بھی کسی اور کے ساتھ گھر بساکر خوشی خوشی رہنے لگے۔

جان ابراہم اور بپاشا باسو
حال ہی میں الگ ہونے والے جان اور بپاشا دس سال تک ایک دوسرے کا سایہ بنے رہے لیکن اب دونوں ایک دوسرے سے’ کنی کاٹنے‘ لگے ہیں ۔ بپا شا نے ڈھکے چھپے الفاظ میں جان کی بیوفائی کو جدا ئی کا سبب ٹھہرایا لیکن حقیقت کیا ہے ، ہوسکتا ہے کچھ دنوں بعد سامنے آئے ۔ فی الحال جان پریا رنچل نام کی ایک لڑکی کے ساتھ آج کل زیادہ دکھائے دے رہے ہیں جبکہ بپاشا تنہا ہیں۔

شاہد کپور اور کرینہ کپور
یہ جوڑی بالی وڈ کی مقبول ترین جوڑی رہی اور ٹوٹنے کے بعد تو اس کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔تین ،چار سال تک یک جان دو قالب رہنے والے شاہد اور کرینہ کی علیحدگی کی خبر سب کے لئے کسی شاک سے کم نہیں تھی۔دونوں کے الگ ہونے کی وجہ تو کسی کو پتہ نہیں چل پائی لیکن کچھ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم ’ٹشن ‘ کی شوٹنگ کے دوران سیف علی خان اور کرینہ کے درمیان بڑھتی ہوئی قربتیں ہی شاہد اور کرینہ کے راستے الگ کرنے کی وجہ بنیں۔

ابھیشیک بچن اور کرشمہ کپور
بالی وڈ کے دو بڑے گھرانوں کے چشم و چراغ ابھیشیک اور کرشمہ کپور کی منگنی شاہانہ انداز میں ہوئی۔امیتابھ کی ساٹھویں سالگرہ کے موقع ہونے والے منگنی کا جشن خبروں کی ہیڈ لائن بنا رہا۔لیکن اس منگنی کی عمر بہت مختصر ثابت ہوئی اور جلد یہ رشتہ شادی کے بندھن سے پہلے ہی ختم ہو گیا جس کی وجہ پر اسرار رہی۔کرشمہ نے اچانک سنجے سے شادی کرلی جبکہ ابھیشیک نے ایشوریہ کے ساتھ گھر بسالیا۔

رنبیر کپور اور دپیکا پڈکون
بالی وڈ کا ایک اور مشہور کپل رنبیر کپور اور دپیکا پڈکون کا تھا۔ دونوں نے اپنے تعلق کو خفیہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن اس کے باوجود سب کو سب کچھ معلوم ہوگیا۔پتہ چلا کہ یہ نزدیکیاں ممی کپور یعنی نیتو سنگھ کو ایک آنکھ نہیں بھائی اوررنبیر ٹھہرے ’ماماز بوائے‘، جھٹ پٹ تعلق توڑ ڈالا۔بعد میں دپیکا نے ’کافی ود کرن‘ میں رنبیر کو ہرجائی قرار دیا۔

نیس واڈیہ اور پریتی زنٹا
بالی وڈ کا ایک اور خوش باش جوڑا بنا۔۔ پریتی زنٹا اور نیس واڈیہ کا۔ ہر موقع اور تقریب میں فوٹوگرافرز اور میڈیاکو پرفیکٹ کپل کا پوز دینے والے نیس اور پریتی کے بارے میں جب لوگوں کو یقین ہوچلاتھا کہ دو نوں شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں تو اچانک دونوں نے اپنی راہیں الگ کر لیں۔تاہم یہ بریک اپ باوقار انداز میں ہوا۔دونوں اب بھی آئی پی ایل کی ٹیم ’کنگز الیون پنجاب ‘کے مشترکہ مالک ہیں اور ا ایک ساتھ میٹنگز میں شرکت کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG