رسائی کے لنکس

سنیدھی چوہان ۔۔۔ بالی ووڈ فلموں کی ایسی پلے بیک سنگر جن کی سریلی آواز کے چرچے بہت دور تک پھیلے ہیں۔ ان کے بارے میں گرما گرم خبر یہ ہے کہ وہ جلد ہی شادی کرنے والی ہیں۔ میوزک ڈائریکٹر ہتیش سونک ان کے نئے جیون ساتھی ہوں گے۔ سنیدھی کی یہ دوسری شادی ہوگی۔ ان کی پہلی شادی کئی سال قبل بابی خان سے ہوئی تھی۔ بوبی خان کوریوگرافر اور ڈائریکٹر احمد خان کے بھائی ہیں۔
سنیدھی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ بوبی خان سے ان کی شادی ”ٹین ایج“۔۔۔یعنی کم عمری کا فسانہ تھی لہذا انہوں نے بوبی سے طلاق لے لی تھی۔اب ہتیش ان کے دوسرے ”پتی پرمیشور“ ہوں گے۔
سنیدھی اور ہتیش سونک میں ایک سال پہلے دوستی ہوئی تھی ۔ یہ ان دنوں کی بات ہے جب ہتیش”پیار کا پنچ نامہ “، مائی فرینڈ پنٹو“ اور ”اسٹینلے کا ڈبہ “ جیسی فلموں کے لئے میوزک کمپوز کررہے تھے۔ سنیدھی سے ان کی دوستی رفتہ رفتہ پیار میں بدلی اور اب دونوں اسی پیار کو ”امر“ کرنے جارہے ہیں۔ سنیدھی کا کہنا ہے کہ ابھی انہوں نے شادی کی تاریخ طے نہیں کی ہے مگرجلد وہ دونوں ہمیشہ کے لئے ایک ہوجائیں گے۔
ادھر کچھ فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ شادی اپریل میں ہونے کے امکانات زیادہ روشن ہیں۔اب یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ واقعی یہ جوڑا اپریل میں اپناالگ ’آشیانہ ‘بنالے گا یا پھر آئندہ کبھی۔۔

تبصرے دکھائیں

XS
SM
MD
LG