رسائی کے لنکس

ماحول دوست عمارتوں کی تعمیر کا نیا کوڈ


ماحول دوست گھر
ماحول دوست گھر

ماحول دوست عمارتیں بھی ہماری اور کرہ ارض کی صحت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔ محفوظ عمارتوں کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لیئے معیار قائم کرنے والی ایک تنظیم انٹر نیشنل کوڈ کونسل نے ماحول دوست عمارتوں کی تعمیر میں راہنمائی کے لیے ایک نیا کوڈ یا سٹینڈرڈز کا ایک نیا ضابطہ جاری کیا ہے ۔ان قواعد اور راہنما اصولوں کی تیاری میں تعمیرات ، ہیٹنگ، ایئر کنڈیشننگ اور تعمیر سے منسلک دیگرماہرین کی مدد حاصل کی گئی ہے تاکہ عمارتوں کو ماحول دوست بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی پائیداری میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔

ماحول دوست تعمیر کے حوالے سے واشنگٹن میں واقع نیشنل ایسو سی ایشن آف رئیلٹرز کی عمارت ایک خوبصورت مثال ہے ۔جو کہ دوبارہ استعمال کے قابل بنائے گئے کنکریٹ اور سٹیل سے زمین کے ایک ایسے ٹکڑے پر بنائی گئی ہے جہاں پہلے ایک انتہائی غیر ماحول دوست گیس سٹیشن ہوا کرتا تھا۔ اس عمارت کے گرد شیشہ ہے جو سورج کی تپش کو منعکس کرکے اور حرارت کو عمارت کے اندر محفوظ رکھ کے توانائی کو ضائع ہونے سے بچاتا ہے۔ اور ڈیزائینرز نے اس میں مقامی سطح پر تیارکیے جانے والا فرنیچر اور دوبارہ استعمال کے قابل بنائے گئے فرش استعمال کیے ہیں ۔ اس عمارت کی ایسی تعمیر کوئی قانونی مجبوری نہیں تھی ۔ تاہم نئے کوڈ کے مصنفین کو امید ہے کہ اب اسے قانونی طور پر لازمی بنایا جائے گا۔

انٹرنیشنل کوڈ کونسل کے رچرڈ ویلینڈ کہتے ہیں کہ آج IGCC کے عوامی ورژن ون کے اجرا سے ایک بڑا مرحلہ طے کر لیا گیا ہے ۔

اور یہ ہے حال ہی میں جاری کیاجانے والا آئی جی سی سی یا انٹرنیشنل گرین کنسٹرکشن کوڈ ۔ورژن ون کا مطلب ہے پہلا ۔کوڈ کے مصنفین اور ماحول دوست کمرشل تعمیر کے دوسرے حامیوں کو امید ہے کہ مقامی حکومتیں اس ماڈل کوڈ کی بنیاد پر کمرشل بلڈنگز کی تعمیر کےلیے نئے قوانین وضع کریں گی ۔

مائیک آرمسٹرانگ کا تعلق انٹرنیشنل کوڈ کونسل سے ہے وہ کہتے ہیں کہ یہ قانون استعمال کے قابل بنائے جانے والے میٹریل اور ضائع شدہ تعمیراتی اشیا ، توانائی ، روشنی اور اس قطعہ اراضی سے متعلق ہوگا جس پر عمارت تعمیر کی جائے گی ۔ اور اس کا مقصد ہے مستقبل کی کمرشل عمارتوں کو زیادہ دیر پا بنانا ۔

ماہر تعمیر کرسٹوفر گرین اس کوڈ پر کام کرنے والوں میں سے ایک ہیں ۔ان کے خیال میں ماحول دوست تعمیر کے کئی رخ ہیں ۔وہ کہتے ہیں کہ یہ کتنی توانائی استعمال کررہی ہے ، ماحول پر اس کا کیا اثر ہو رہا ہے ، عمارت کے اندر ہوا کی کوالٹی کیسی ہے اور کس قسم کے مٹیریل استعمال ہوئے ہیں ۔

کرسٹوفر اور یہاں موجود دوسرے افراد کے مطابق امریکہ میں عمارتیں پورے ملک میں استعمال ہونے والی کل توانائی کا چالیس فیصد کھا جاتی ہیں۔ اس معاملے میں انہوں نے ٹرانسپورٹیشن اور صنعت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔اس میں پرنٹرز اور فیکس مشینوں کے لیے استعمال ہونے والی بجلی، رات بھر روشن رہنے والی بتیاں اور دوسری بہت سی چیزیں شامل ہیں ۔ واشنگٹن میں واقع رئیلٹرز کی عمارت میں بارش کے پانی کو جمع کرکے پودوں کو دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ملازمین کو سائیکلوں پر دفتر آنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جبکہ باتھ رومز تک میں پانی کے محتاط استعمال کے ذریعے ماحول دوست بنا دیا گیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG