رسائی کے لنکس

ابھی واضح نہیں آیا یہ تبدیلی فوری،بامعنی یا خاطرخواہ ہے: وائٹ ہاؤس


ابھی واضح نہیں آیا یہ تبدیلی فوری،بامعنی یا خاطرخواہ ہے: وائٹ ہاؤس
ابھی واضح نہیں آیا یہ تبدیلی فوری،بامعنی یا خاطرخواہ ہے: وائٹ ہاؤس

یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مصر کے عوام اور دنیا کے ساتھ واضح الفاظ میں بات کرے

وائٹ ہاؤس نے کہا ہےکہ "مصر کےعوام کو بتایا گیا ہے کہ 'اتھارٹی' میں تبدیلی کی گئی ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ تبدیلی فوری، بامعنی یا خاطرخواہ ہے۔"

جمعرات کی شام گئے مصر کے بارے میں جاری ہونے والے اِس بیان کےمطابق، صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ بہت سے مصری بدستور اِس بارے میں قائل نہیں ہیں کہ حکومت جمہوریت کی جانب کسی حقیقی تبدیلی کے بارے میں سنجیدہ ہے، "اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مصر کے عوام اور دنیا کے ساتھ واضح الفاظ میں بات کرے۔"

بیان میں کہا گیا ہے کہ، اِس بد امنی کے آغاز سےامریکہ کہتا رہا ہے کہ مصر کے مستقبل کا فیصلہ مصر کے عوام کریں گے۔

بیان کے مطابق، "ہم باور کرتے ہیں کہ مصر کے عوام کے عالمگیر حقوق کا احترام لازمی ہے اور اُن کی امنگوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔"

وائٹ ہاؤس نے ہنگامی حالت کے نفاذ سے متعلق قانون کو واپس لینے پر زوردیا ہے۔

بیان میں زور دیا گیا ہے کہ وسیع حزب مخالف اور مصر کی سول سوسائٹی کے ساتھ بامعنی مذاکرات ہوں جن میں مصر کے مستقبل کو درپیش کلیدی مسائل سے عہدہ برآ ہونے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ بیان کے مطابق تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے آئین اور دیگر قوانین پر نظر ِثانی کی جانی چاہیئے اور آزاد اور منصفانہ انتخابات کے لیے مشترکہ طور پر ایک واضح روڈ میپ تیارکرنا چاہیئے۔

"لہٰذا ہم مصر کی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ جو تبدیلیاں عمل میں آئی ہیں وہ اُن کی وضاحت کے لیے تیزی سے اقدامات کرے اور اس مرحلہ وار عمل کی واضح اور غیر مبہم زبان میں وضاحت کرے جو جمہوریت اور اس نمائندہ حکومت کی جانب سے کی جائے گی، جس کی مصر کے عوام کوشش کر رہے ہیں۔"

صدر اوباما کے بیان کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ، اِس کوشش میں نوجوان پیش پیش رہے ہیں اور ایک نئی نسل نمودار ہوئی ہے۔ "نوجوانوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ مصر کے لیے لازمی ہے کہ وہ ان کی امیدوں کا مظہر ہو، اُن کی بلند ترین امنگوں کو پورا کرے اور اُن کی بے پایاں صلاحیتوں کو کام میں لائے۔"

صدر نے کہا کہ "میں جانتا ہوں کی مصر کےعوام اِس دشوار وقت میں ثابت قدم رہیں گے اور اُن کو علم ہونا چاہیئے کہ امریکہ ہمیشہ اُن کا دوست رہے گا۔"

XS
SM
MD
LG