رسائی کے لنکس

ایرانی بینک اور 32 اداروں پر پھر سے یورپی یونین کی تعزیرات لاگو


فائل
فائل

اپنے سرکاری رسالے میں یورپی یونین نے کہا ہے کہ ’بینک تجارت‘ حکومت ایران کو کلیدی حمایت میسر کرتا ہے، جسے وہ مالی وسائل اور تیل اور گیس کے ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے مالی خدمات کی صورت میں فراہم کرتا ہے

یورپی یونین نے ایک ایرانی بینک اور ایرانی جہازرانی کے 32 اداروں پر پھر سے تعزیرات عائد کردی ہیں، جس سے قبل اِسی سال کے اوائل میں ایک یورپی عدالت نے اِن اقدامات کو منسوخ قرار دیا تھا۔

یورپی یونین نے بدھ کو بینک تجارت اور 32 کمپنیوں پر تعزیرات عائد کرنے کے لیے کہا تھا، جس سے کچھ ہی روز قبل ایران نے چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری سمجھوتے کے خدوخال طے کیے ہیں، جن کی رو سے ایران کے جوہری پروگرام ترک کیے جانے کے عوض بین الاقوامی برادری تعزیرات میں نرمی برتے گی۔

اپنے سرکاری رسالے میں یورپی یونین نے کہا ہے کہ ’بینک تجارت‘ حکومت ایران کو کلیدی حمایت میسر کرتا ہے، جسے وہ مالی وسائل اور تیل اور گیس کے ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے مالی خدمات کی صورت میں فراہم کرتا ہے۔

جنوری میں، یورپ کی دوسری اعلیٰ عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ بینک تجارت اور تقریباً 40 شپنگ کمپنیوں پر تعزیرات نہیں لگائی جانی چاہئیں۔ مختلف قانونی بنیادوں پر پھر سے پابندیاں لاگو کرنے کا فیصلہ ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر طے کیے جانے والے نکات کے بعد کیا گیا ہے۔

گذشتہ ہفتے ہونے والے فریم ورک سمجھوتے کے تحت، جسے 30 جون کی حتمی ڈیڈلائن کے اندر آخری شکل دینا باقی ہے، تعزیرات کو تب اٹھایا جائے گا جب ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔

ایران ایک مدت سے اس بات پر مصر ہے کہ اُس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے۔ تاہم، امریکہ اور اُس کے مغربی اتحادی سمجھتے ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار تشکیل دینے کی کوششیں کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG