رسائی کے لنکس

یورپی یونین کا شام کے خلاف سخت تعزیرات عائدکرنے پر غور


یورپی یونین کا شام کے خلاف سخت تعزیرات عائدکرنے پر غور
یورپی یونین کا شام کے خلاف سخت تعزیرات عائدکرنے پر غور

نئی تعزیرات میں یورپی یونین کی طرف سے شام کے خلاف تیل پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے، جو ہفتے سے نافذالعمل ہوگی

اختلافِ رائے کے حق کو دبانے کےلیے کی جانے والی پُر تشدد حکومتی کارروائی پر یورپی یونین شام کے خلاف اضافی تعزیرات لاگو کرنے پر غور کررہا ہے۔

منگل کو فرانس کی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ سفارت کارایسی کمپنیوں کے خلاف اقدامات کرنے پر غور کررہے ہیں جو سویلینز کو کچلنے میں ملوث رہی ہیں۔ نئی تعزیرات میں یورپی یونین کی طرف سے شام کے خلاف تیل پر بندش عائد کی جاسکتی ہے، جو ہفتے سے نافذالعمل ہوگی۔

دریں اثنا، سرگرم کارکنوں کا کہنا ہے کہ شام کی فوج نے منگل کو ہمس کے مرکزی علاقے میں دو شہریوں کو ہلاک کیا جِن میں ایک نوجوان شامل ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی کہا کہ علاقے سےپانچ لاشیں برآمد کی گئی ہیں جو صدر بشار الاسد کے خلاف ہونے والے مظاہروں کا گڑھ ہے۔

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے ایک بار پھر مسٹر اسد سے تشدد بند کرنے اور اصلاحات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُنھوں نے یہ بات منگل کو نیو زیلینڈ کے دورے کے دوران کہی۔

دریں اثنا، عرب لیگ کے چوٹی کے سفارت کار نے شام کے مجوزہ دورے میں تاخیر کی ہے، جو ایک دِن بعد شروع ہونے والا تھا۔ سفارت کاروں کےحوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ نبیل العربی نے شام کی درخواست پر اپنا دورہ مؤخر کیا ہے۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ دمشق نے اِس کی کوئی وضاحت پیش نہیں کی اور مذاکرات کے لیے کوئی نئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔

العربی نے کہا ہے کہ وہ خونریز تشدد کے واقعات پر، جنھوں نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عربوں کی تشویش کا اظہار کرنا اور شام کے لیڈروں کے نقطہ نظر کو سننا چاہتے ہیں۔ اگست کے اواخر میں شام کے حکام نےعرب لیگ کے ایک بیان کو مسترد کر دیا تھا جس میں خون خرابے کوختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG