رسائی کے لنکس

یورپ: پانی کا معیار بہتر بنانے کی سفارش


ایک نئے عوامی جائزے کے مطابق یورپی عوام کی اکثریت چاہتی ہے کہ یورپی یونین اپنے 27 رکن ممالک میں پانی کا معیار بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات کرے۔

رواں ماہ کیے جانے والے جائزے کے لیے ڈھائی ہزار افراد سے رائے مانگی گئی تھی جن میں سے 70 فی صد کی رائے میں یورپ میں پانی سے جنم لینے والے مسائل سنگین نوعیت کے ہیں۔

رائے دہندگان کی اکثریت نے کیمیائی آلودگی کو آبی ذخائر کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے یورپی یونین سے تقاضا کیا کہ وہ پانی آلودہ کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرے۔

لیکن یورپی یونین کے کمشنر جینز پوٹوکنک نے پانی کا معیار بہتر بنانے کے لیے یونین کی کوششوں کا دفاع کیا ہے۔ان کے بقول یورپی ممالک میں پینے اور عام استعمال کے پانی کا معیار ماضی سے بہت بہتر ہے اور پہلے سے کہیں زیادہ شہروں اور قصبات میں استعمال شدہ پانی کو بہتر طریقے سے ٹھکانے لگایا جارہا ہے۔

پوٹوکنک نے کہا کہ کئی یورپی دریائوں میں مچھلیوں کی افزائش میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پانی کا معیار بہتر ہوا ہے۔

عوامی جائزے میں شریک افراد نے آبی معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا اور اس ضمن میں آبی ذخائر پر صنعتوں کے اثرات، پانی کے بے جا استعمال، خشک سالی اور سیلاب جیسے عوامل پر خصوصی توجہ دینے کی سفارش کی۔

یورپی کمیشن نے کہا ہے کہ سروے کے ذریعے سامنے آنے والی تجاویز کو یورپ کے آبی ذخائر کے تحفظ کے بارے میں نئے منصوبہ عمل کا حصہ بنایا جائے گا جسے رواں برس نومبر تک مکمل کیا جانا ہے۔

منصوبے کے تحت 2020ء تک کے لیے یورپ کی آبی حکمتِ عملی وضع کی جائے گی ۔

XS
SM
MD
LG