رسائی کے لنکس

قرضوں کا مسئلہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کا شدید ترین یورپی بحران ہے: اینگلا مرکل


قرضوں کا مسئلہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کا شدید ترین یورپی بحران ہے: اینگلا مرکل
قرضوں کا مسئلہ دوسری جنگ عظیم کے بعد کا شدید ترین یورپی بحران ہے: اینگلا مرکل

جرمنی کی چانسلر اینگلا مرکل نے کہا ہے کہ یورو زون کا مالیاتی مسئلہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ کا سب سے بڑا بحران ثابت ہوسکتا ہےاور انہوں نے اس چیلنج کے مقابلے کے لیے زیادہ تعاون کی اپیل کی۔

مز مرکل نے، جو یورپ کے معاشی اعتبار سے سب سے مضبوط ملک کی سربراہ ہیں، پیر کے روز اپنی پارٹی کے ارکان سے کہا کہ اگر یورو استعمال کرنے والے 17 یورپی ممالک یونان، اٹلی اور دوسری کمزور معیشتوں کے قرضوں کے مسائل پر آپس میں بٹے رہے تو پھر پورے یورپ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

انہوں نے اس مسئلے پر یورپی ممالک کے درمیان سیاسی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

جرمنی کی سربراہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اٹلی اور یونان کے نئے حکمران قرضوں کے اس بڑے بحران اور معاشی سست روی پر قابو پانے کی کوششیں کررہے ہیں، جس نے پورے یورپ کو ہلا کررکھ دیا ہے۔

پیر کے روز اٹلی اپنے بانڈ کے فروخت کے ذریعے چارارب ڈالر سے زیادہ رقم اکھٹی کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس بانڈ پر دیے جانے والے منافع کی شرح 1997ء کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہناہے کہ بانڈ کی فروخت پر سامنے آنے والے مثبت ردعمل اور ایشیائی اسٹاک مارکٹوں کی صورت حال یہ ظاہر کرتی ہے کہ اٹلی میں ماہر معاشیات ماریو مونٹی کا نام وزیر اعظم کے طور پر سامنے آنے سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

مسٹر مونٹی نے اتوار کے روز کہاتھا کہ وہ نئی حکومت بنانے کے لیے تیزی سے کام کررہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG