رسائی کے لنکس

یورپ میں پروازیں آہستہ آہستہ بحال ہورہی ہیں


برطانوی فضائى حدود کو مقامی وقت کے مطابق منگل کی آدھی رات سے کھول دیاگیا

آئیس لینڈ میں آتش فشاں دہانے سے اُٹھنے والی راکھ کے ایک بہت بڑے بادل کے باعث فضائى سفر میں پانچ روز تک تعطل کے بعدیورپ میں مسافر بردار پروازیں آہستہ آہستہ دوبارہ فضا میں نمودار ہورہی ہیں۔

برطانوی فضائى حدود کو مقامی وقت کے مطابق منگل کی آدھی رات سے کھول دیاگیا ہے۔پیرس، میڈرڈ اور ایمسٹرڈیم کے ہوائى اڈوں سے طیاروں کو دن بھر پروازیں کرنے کی اجازت ملتی رہی۔

جرمنی کی بیشتر فضائى حدود بدھ کی صبح تک بند رہیں گی۔لیکن کچھ طیاروں کو کم بلندی پر پرواز کرنے کی اجازت دی جارہی ہے۔

فضائى ٹریفک کنٹرول کرنے والے یورپی ایجنسی ، یورو کنٹرول نے کہا ہے کہ یورپ میں باقاعدہ طے شدہ پروازوں میں سے نصف سے بھی کم طیاروں نے منگل کے روز اُڑان بھری۔

برطانیہ نے رود بارِ انگلستان کے اُس پار یورپ میں پھنسے ہوئے مسافروں کو واپس وطن لانے کے لیے بحریہ کے تین جہاز بھیج دیے ہیں۔

فضائى کمپنیوں کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ہوائى اڈوں پر تقریباً ایک ہفتے سے پھنسے ہوئے مسافروں کو اُن کی منزلوں تک پہنچانے میں کئى اور دن لگ جائیں گے جبکہ ان لوگوں کے پاس صبر اور جیب میں رقم ، دونوں ہی ختم ہوتے جارہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG