رسائی کے لنکس

یورپ میں معمول کی پروازیں جمعرات تک بحال ہو جائیں گی


یورپ کی فضائى ٹریفک کنٹروں کی ایجنسی نے کہا ہے کہ یورپ کی فضاؤں میں تقریباً تمام پروازیں توقع ہے کہ جمعرات کے روز تک معمول کی سطح پر آجائیں گی۔

یورو کنٹرول نے بدھ کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات تک تقریباً 100 طیارے دوبارہ پروازیں شروع کردیں گے۔ اس سے ٹھیک ایک ہفتہ پہلےآئیس لینڈ میں آتش فشاں دہانے سے اُٹھنے والی راکھ کے ایک بہت بڑے بادل کے باعث یورپ میں تقریباً تمام پروازوں کو معطل کردیا گیا تھا۔ اور لاکھوں مسافر اپنی منزلوں سے دور پھنس کر رہ گئے تھے۔

یورپی ایجنسی نے کہا ہے کہ بدھ کے روز علاقے میں فضائى سفر 80 فیصد کے قریب معمول پر لوٹ آیا اور بحرِ اوقیانوس کے آر پار پروازیں بحال ہوگئیں۔

تاہم پچھلے ہفتے ملتوی یا منسوخ کی جانے والی پروازوں کو دوبارہ چلانے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو اُن کی منزلوں تک پہنچانے میں کچھ دن لگیں گے۔

فضائى سفر کی صنعت کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ پروازیں معطل کرنے سے فضائى کمپنیوں کو کم سے کم ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔انٹر نیشنل ائر ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے سربراہ گیو وَینی بِسگنینی نے بدھ کےروز منفی اقتصادی نتائج کو ‘تباہ کن’ کہا ہے اور یورپی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ آمدنیوں میں ہونے والے نقصانات سے سنبھلنے میں فضائى کمپنیوں کی مدد کرنے کے طریقے تلاش کریں۔

XS
SM
MD
LG