رسائی کے لنکس

کرسمس کے موقع پر یورپ میں سکیورٹی ہائی الرٹ


پیرس میں چرچ کے باہر تعینات پولیس اہلکار۔ 24 دسمبر 2016
پیرس میں چرچ کے باہر تعینات پولیس اہلکار۔ 24 دسمبر 2016

جرمنی کے شہر برلن میں ایک کرسمس بازار میں پیش آنے والے تازہ مہلک دہشت گرد حملے کے بعد سے پورے یورپ میں سکیورٹی انتہائی چوکس کر دی تھی جسے ہفتہ کی شام مزید سخت کر دیا گیا۔

دنیا بھر کے مسیحی کرسمس کے تہوار کے لیے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقاریب میں شریک ہو رہے ہیں۔

فرانس میں نیم فوجی دستے اور پولیس کے 91 ہزار اہلکاروں کو گرجا گھروں اور کرسمس بازاروں کے گرد تعینات کیا گیا ہے۔

اٹلی میں بھی سکیورٹی کی ایسی ہی صورتحال دیکھی جا رہی ہےجس کے شہر میلان میں برلن ٹرک حملے کا مشتبہ حملہ آور آنس عامری جمعہ کی صبح فورسز کی کارروائی میں مارا گیا تھا۔

مسیحیوں کے سب سے بڑے تہوار کرسمس کے موقع پر بہت بڑی تعداد میں لوگ عوامی مقامات کا رخ کرتے ہیں اور دہشت گرد ایسے مقامات پر سیاحوں کو باآسانی نشانہ بنا سکتے ہیں۔

گزشتہ 13 ماہ سے یورپ میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ دیکھا گیا جن کا سلسلہ گزشتہ سال نومبر میں پیرس میں ہونے والے حملوں سے ہوا تھا جس میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس کے بعد برسلز، نیس اور اب تازہ ترین واقعہ برلن میں پیش آیا۔ ان حملوں کے علاوہ کئی ایک کم شدت کے واقعات فرانس، جرمنی اور اٹلی میں پیش آ چکے ہیں جب کہ یورپی حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس عرصے میں متعدد حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ناکام بنایا۔

XS
SM
MD
LG